Urdu book · اللہ اکبر

سب کچھ عجیب ہے

Urdu book, p. 91

By Maulana Wahiduddin Khan

سب کچھ عجیب ہے 1957 میں روس نے پہلا اسپتنک (Sputnik) خلا میں بھیجا تھا۔ امریکانے 12 اپریل 1981 کو پہلی خلائی بس (کولمبیا) دو آدمیوں کے ساتھ بھیجی۔ وہ اس طرح بنائی گئی ہے کہ تقریبا سو بار خلائی سفر کے لیے استعمال ہو سکتی ہے۔ کولمبیا کا وزن 75 ٹن ہے۔ اس کے بنانے میں تقریباً دس ارب ڈالر خرچ ہوئے ہیں اور وہ نو سال میں بن کر تیار ہوئی ہے۔ کولمبیا اپنے دو مسافروں کو لے کر خلا میں روانہ ہوئی ۔ اس کی رفتار 26 ہزار میل فی گھنٹہ تھی۔ وہ 54 گھنٹہ خلا میں رہی۔ اس نے زمیں کے گرد 36 چکر لگا کر 10 لاکھ میل طے کیے اور پھر 14 اپریل کو واپس آگئی۔ واپسی کے وقت مخصوص راڈراور راکٹوں کے ذریعہ اس کی رفتار کو گھٹا کر 345 کلو میٹر فی گھنٹہ کیا گیا۔ جب وہ ہوائی کره میں داخل ہوئی تو ہوا کی رگڑ سے گرم ہو کر سرخ اینٹ کی مانند ہوگئی۔ اس وقت اس کا بیرونی درجہ حرارت 11500 درجہ سنٹی گریڈ تھا۔ مگر کولمبیا کے بیرونی سمتوں میں ہر طرف گرمی روکے والے ٹائل 31 ہزار کی تعداد میں لگائے گئے تھے اس کی وجہ سے اس کے اندر کے دونوں مسافر محفوظ رہے۔ کولمبیا کو امریکا کی ریاست کیلی فورنیا کے صحرا میں ایک ہوائی میدان میں اتارا گیا۔ وہ صرف 10 سیکنڈ کے فرق سے اپنے ٹھیک وقت پر اتر گئی۔ تقریباً دو لاکھ آدمی اس کے اترنے کا منظر دیکھنے کے لیے وہاں جمع تھے۔ اس کے علاوہ مختلف ملکوں کے کروڑوں آدمیوں نے اس واقعہ کو ٹیلی ویژن پر دیکھا۔ کیلی فورنیا کے صحرا میں 20 ٹرک اور کئی ہوائی جہاز اور دوسرے سامان موجود تھے تا کہ اترنے کے بعد وہ کولمبیا کی ہر ضرورت کو پورا کر سکیں۔ کولمبیا راکٹ کی طرح عمودی شکل میں اوپر آگئی۔ وہ ایک تابع سیارہ کی طرح زمین کے گرد گھومی اور پھر گلائڈر (هوائی جہاز) کی طرح زمین پر اتر آئی۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page