سائنس کی گواہی
Urdu book, p. 207
By Maulana Wahiduddin Khan
سائنس کی گواہی ڈاکٹر ماریس بکائی (Dr Maurice Bucaille) فرانس کے ایک عیسائی خاندان میں پیدا ہوئے۔ انھوں نے قرآن کے بارے میں ایک کتاب لکھی۔ وہ اولاً فرانسیسی زبان میں 1976ء میں شائع ہوئی۔ اس کے بعد دس زبانوں میں اس کے ترجمے چھپے۔ انگریزی میں اس کتاب کا نام یہ ہے: The Bible, the Quran and Science اس کتاب میں ڈاکٹر ماریس بوکائی نے دکھایا ہے کہ علمِ سائنس کے بارے میں قرآن کے بیانات حیرت انگیز طور پر جدید تحقیقات کے مطابق ہیں۔ قرآن اگر چہ دورِ سائنس سے بہت پہلے پیش کیا گیا، مگر بعد کے زمانہ میں ظاہر ہونے والی علمی حقیقتوں کا اس میں بالکل صحیح بیان موجود ہونا یہ ثابت کرتا ہے کہ قرآن ایک برتر ذہن کی تخلیق ہے۔ وہ انسانی ذہن کی تصنیف نہیں (ملاحظہ ہو عظمتِ قرآن، اور اسلام اور عصرِ حاضر)۔ ڈاکٹر ماریس بوکائی کی دوسری کتاب انسان کی پیدائش اور رحمِ مادر میں اس کے ارتقا کے بارے میں ہے جو کہ ڈاکٹر بکائی کا خاص موضوع ہے۔ اس کتاب میں انھوں نے دکھایا ہے کہ انسان کی پیدائش کے بارے میں قرآن میں جو بیانات ہیں، وہ جدید تحقیقات کے عین مطابق ہیں، جبکہ ان تحقیقات کے نتائج صرف بیسویں صدی عیسوی کے نصف آخر میں انسان کو معلوم ہو سکے ہیں۔ ڈاکٹر بوکائی کی اس دوسری کتاب کا فرانسیسی ایڈیشن 1984ء میں پیرس سے شائع ہوا ۔ 220 صفحات پر مشتمل اس کتاب کے انگریزی ایڈیشن کا نام یہ ہے: What is the Origin of Man? Published by Seghers, 6 Place Saint-Sulpice, 75006 Paris

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader