Urdu book · عقلیات اسلام

فطرت انسانی

Urdu book, p. 73

By Maulana Wahiduddin Khan

کارل مارکس اور سگمنڈ فرائڈ انسانی فطرت کے بارے میں غلطی پر تھے۔ ان کے نقطہ نظر کے برعکس، انسانی شخصیت کی تشکیل میں تربیت کے مقابلہ میں اندرونی پیدائشی صفات کہیں زیادہ اہم ہیں۔ نفسیاتی ماہرین کی ایک ٹیم نے اس نتیجہ کا اعلان کیا ہے۔ منی سوٹا یونیورسٹی کے تحت کیے جانے والے 8 سالہ مطالعہ میں، جس میں 350 توأم جوڑے شامل تھے، اس میں 44 بالکل یکساں قسم کے تھے۔ سائنس دانوں نے پایا ہے کہ جینز کا اثر فطرت بمقابلہ تربیت کی بحث میں واضح طور پر غالب رہا۔ ان کی تحقیق کے نتائج مارکس کے اس مفروضہ کی تردید ہیں جس کا شدت سے یہ دعویٰ ہے کہ انسان کو دوبارہ بنایا جا سکتا ہے۔ ریسرچ ٹیم کے ایک شخص ڈاکٹر ڈیولکن نے کہا کہ ہم نے یہ پایا ہے کہ روایتی قدروں میں عقیدہ اور قانون کے سختی سے نفاذ کا رجحان زیادہ تر پیدائشی صفات کا نتیجہ ہے۔ مذکورہ واقعہ، اور اس طرح کے دوسرے واقعات سے، یہ ثابت ہوتا ہے کہ ایک برتر ہستی (خالق) کے آگے سپردگی کا جذبہ ایک فطری اور حقیقی جذبہ ہے۔ اگر وہ غیر فطری اور غیر حقیقی ہوتا تو اس کو اب تک ختم ہو جانا چاہیے تھا۔ جدید نسل ایسے حالات میں پرورش پا کر نکلی ہے جب کہ اس کے ہر طرف لامذہبیت اور بے خدا تہذیب کا چرچا تھا۔ اس کے باوجود نئی نسل میں یہ مذہبی نفسیات مسلسل طور پر باقی رہی، وہ کسی طرح ختم نہ کی جاسکی۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page