Urdu book · اسفارِ ہند

بمبئی کا سفر

Urdu book, p. 151

By Maulana Wahiduddin Khan

میں نے اپنی تقریر میں کہا کہ فرقہ وارانہ فساد کے مسئلہ پر جب بھی گفتگو ہوتی ہے تو اس کا عنوان ہوتا ہے: انڈیا میں فساد کا مسئلہ۔ حالاں کہ یہ عنوان ہی غلط ہے۔ کیوں کہ فساد جو ہو رہا ہے وہ پورے انڈیا میں نہیں ہو رہا ہے، وہ زیادہ تر نارتھ انڈیا میں ہو رہا ہے۔ گویا کہ اس وقت ہم جس مسئلہ کے حل کے بارہ میں بحث کر رہے ہیں، وہ آج بھی انڈیا کے نصف حصہ میں حل شدہ ہے۔ ایسی حالت میں کوئی نئی بحث چھیڑنے کے بجائے، ہمیں یہ کرنا چاہئے کہ ملک کے محفوظ حصہ (ساؤتھ انڈیا) کا مطالعہ کر کے جانیں کہ وہاں فساد کیوں نہیں ہوتا۔ میں نے اس کی تحقیق کی ہے۔ میری دریافت یہ ہے کہ ساؤتھ انڈیا کے لوگوں میں برداشت کرنے کا مزاج ہے، اسی لئے وہاں فساد نہیں ہوتا۔ اس بنا پر میری رائے میں فساد کے مسئلہ کا حل یہ ہے کہ لوگوں میں برداشت کا مزاج پیدا کیا جائے۔ برداشت کا مزاج آتے ہی فساد اپنے آپ ختم ہو جائے گا۔ اور یہ کام سب سے زیادہ اخبارات کر سکتے ہیں۔ ۵ فروری ۱۹۹۳ کی شام کو انڈین ایئر لائنز کے ذریعہ بمبئی سے دہلی کے لئے واپسی ہوئی۔ بمبئی ایئر پورٹ پر اور جہاز میں کئی لوگ ایسٹ ویسٹ ایئر لائنز کی بات کرتے ہوئے سنائی دئے۔ ایک صاحب نے کہا کہ میں تو ایسٹ ویسٹ سے سفر کرنا چاہتا تھا، مگر اس میں جگہ نہیں ملی۔ پاس ہوا تھا۔ (Air Corporation Act 1953) چالیس سال پہلے ایک ایکٹ اس کے سیکشن ۱۸ کے مطابق، انڈیا میں سرکاری ہوائی کمپنی کے سوا کسی اور شخص یا ادارہ کے لئے ہوائی جہاز چلانا غیر قانونونی تھا۔ مگر موجودہ حکومت نے پرائیویٹ کمپنیوں کو ہوائی سروس کی اجازت دے دی ہے۔ چنانچہ تقریبا چالیس کی تعداد میں پرائیویٹ ہوائی کمپنیاں قائم ہو گئی ہیں۔ ان میں سب سے زیادہ بڑی اور سب سے زیادہ بہتر ایسٹ ویسٹ ایئر لائنز سمجھی جاتی ہے جو مسلمانوں نے قائم کی ہے اور اس کے چیئرمین نصیر الدین عبد الوحید ہیں۔ ایسٹ ویسٹ خود سرکاری انڈین ایئر لائنز کے لئے چیلنج بنتی جا رہی ہے۔ جس ملک میں یہ امکانات ہوں کہ ایک مسلم ادارہ قائم ہو کر اتنی ترقی کرے کہ وہ خود گورنمنٹ آف انڈیا کے لئے چیلنج بن جائے، اس ملک میں جو لوگ کہتے ہیں کہ یہاں مسلمانوں کے لئے کوئی اسکوپ نہیں، وہ ملک کے بارہ میں خبر نہیں دیتے بلکہ خود اپنی بے بصیرتی کا اعلان کر رہے ہیں۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page