Urdu book · اسفارِ ہند

ناگپور کا سفر

Urdu book, p. 60

By Maulana Wahiduddin Khan

ٹریڈ یونین تحریکوں کا مقصد صنعتی مزدوروں کی حالت اور ان کی معاشیات کو بہتر بنانا ہے۔ ٹریڈ یونین موومنٹ عام طور پر ایک پروٹسٹ موومنٹ سمجھی جاتی ہے۔ تاہم قمر زماں صاحب نے اس کو مثبت تعمیری رخ دینے کی کوشش کی ہے۔ ناگپور کے قیام کے زمانہ میں میں نے دیکھا کہ ان کے حلقہ کے لوگ ان سے بے پناہ محبت کرتے ہیں۔ اس کی وجہ یہی ہے کہ انھوں نے اس تحریک کو احتجاجی تحریک سے اٹھا کر ایک تعمیری تحریک بنا دیا۔ ناگپور کا یہ کنونشن روزنامہ اردو سماچار کی طرف سے منعقد کیا گیا تھا۔ اس اخبار کے مینجنگ ایڈیٹر مسٹر ایس کیو زماں ہیں۔ یہ "وسط ہند کنونشن برائے قومی اتحاد، یک جہتی اور سیکولرزم" ناگپور کے وسنت راؤ دیش پانڈے ہال میں، ۱۰ نومبر ۱۹۹۲ء کو منعقد کیا گیا۔ مقررین اور مقالہ نگار حضرات کو حسب ذیل تین عنوان دیے گئے تھے : سیکولرزم اور قومی یک جہتی کے استحکام میں حکومت کا کردار قومی اتحاد اور یک جہتی کے استحکام میں مذہب کا کردار قومی یک جہتی اور سیکولرزم کے تحفظ میں اردو کا کردار میں نے دوسرے موضوع پر تقریر کی صورت میں اپنے خیالات پیش کیے۔ اس تقریر کو مرتب کر کے انشاء اللہ آئندہ شائع کر دیا جائے گا۔ ایک صاحب ملاقات کے لیے میرے ہوٹل کے کمرہ میں آئے۔ وہ "خوش پوشاک" تھے اور نہایت مرصع انداز میں گفتگو کر رہے تھے۔ تاہم وہ رسالہ کے قاری نہ تھے، اس لیے میری بات کو سمجھنے کے لیے ان کا ذہن تیار نہ تھا۔ انھوں نے مقامی مسلمانوں کی زبوں حالی کا ذکر کیا۔ انھوں نے کہا کہ ہم کو امید تھی کہ آپ جو کنونشن کے تحت یہاں آئے ہیں، آپ حکومت کے ذمہ داروں کو اصلاح حال کی طرف متوجہ کریں گے، مگر آپ نے اپنی تقریر میں خود مسلمانوں ہی کو صبر کی نصیحت کی۔ میں نے کہا کہ کسی گروہ کی حالت خود اپنی غفلت سے بگڑتی ہے اور دوبارہ اپنی ہی دانش مندانہ کوششوں سے وہ درست ہو سکتی ہے۔ مگر میری بات ان کی سمجھ میں نہ آسکی۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page