Urdu book · اسفارِ ہند

ناگپور کا سفر

Urdu book, p. 65

By Maulana Wahiduddin Khan

کی حمایت میں اپنا پورا وزن ڈال دیا۔ مگر نتیجہ سامنے آیا تو معلوم ہوا کہ فاطمہ جناح الیکشن ہار گئیں اور محمد ایوب خاں بھاری ووٹوں سے جیت گئے۔ لیکن سید ابوالاعلیٰ مودودی یہ نہ کہہ سکے کہ "ہم ہار گئے اور ایوب خاں جیت گئے"۔ اس کے بجائے انہوں نے یہ کہنا شروع کیا کہ اصل جیت تو ہماری ہونے والی تھی۔ لیکن ایوب خاں نے الیکشن میں دھاندلی کرکے اپنے آپ کو کامیاب بنالیا۔ موجودہ زمانہ میں مسلمانوں کے تمام رہنما اسی طرح روایتیں توڑتے رہے۔ یہاں تک کہ مسلم معاشرہ کا حال یہ ہو گیا کہ اس کے اندر اب کسی بھی معاملہ میں کوئی روایت نہیں۔ اور جو معاشرہ روایات سے خالی ہو جائے وہ کٹے ہوئے پتنگ کی مانند ہو جاتا ہے جس کی کوئی منزل نہیں۔ 9 نومبر کو شہر دیکھنے کے لیے نکلا۔ واپس آیا تو گھرمی میں شام کے ساڑھے پانچ بج رہے تھے۔ ہوٹل کے مغربی کھڑکی سے باہر نظر ڈالی۔ پانچویں منزل سے افق کا منظر نہایت صاف دکھائی دے رہا تھا۔ سورج اپنا دن بھر کا سفر پورا کر کے زمین کے سرے پر پہنچ چکا تھا۔ وہ سرخ رنگ کے گولے کی صورت میں دھیرے دھیرے ڈوبتا ہوا نظر آیا۔ میں مسلسل اس منظر کو دیکھتا رہا۔ یہاں تک کہ وہ زمین کے پیچھے غائب ہو گیا۔ ایسا محسوس ہوا جیسے کہ افق کا یہ واقعہ خاموش زبان میں کہہ رہا ہو کہ اے انسان، تیرا آفتاب بھی اسی طرح ایک دن غروب ہونے والا ہے۔ تمہاری زمینی زندگی بھی اسی طرح ایک روز ختم ہو جائے گی۔ تمہارا سورج بھی اسی طرح ایک دن ماند ہو کر رہ جائے گا۔ 9 نومبر کی شب کو انجمن حامی اسلام (ناگپور) میں ایک اجتماع ہوا۔ اس کا انتظام جناب رزاق سیٹھ اور ان کے ساتھیوں نے کیا تھا۔ رزاق سیٹھ صاحب نہ صرف الرسالہ کے قاری ہیں۔ بلکہ راقم الحروف کی ادارت کے زمانہ کے الجمعیتہ ویکلی کا بھی مکمل فائل ان کے پاس موجود ہے۔ اس اجتماع میں شہر کے اعلی تعلیم یافتہ افراد جمع ہوئے۔ اس کا موضوع ہندوستانی مسلمان (Muslims in India) مقرر کیا گیا تھا۔ میں نے کہا کہ بطور عقیدہ ہم مانتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم قیامت تک کے لیے نمونہ ہیں۔ مگر جب "ہندوستانی مسلمان" کے مسائل پر بات ہوتی ہے تو ہر آدمی خود اپنی عقل سے بولنا شروع کر دیتا ہے۔ کوئی ایسا نہیں کرتا کہ وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے کلام اور آپ کی سیرت

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page