Urdu book · اسفارِ ہند

ناگپور کا سفر

Urdu book, p. 68

By Maulana Wahiduddin Khan

کے مقصد سے اتفاق رکھتے ہیں آخر ہم لوگ عملی طور پر کیا کریں ۔ میں نے کہا کہ عملی پروگرام ہمیشہ حالات کے اعتبار سے متعین ہوتا ہے ۔ اس وقت جو حالات ہیں وہ یہ ہیں کہ مسلمان ایک بے شعور قوم بن کر رہ گئے ہیں ۔ صحیح اندازِ فکر ان کے اندر تقریباً مفقود ہو گیا ہے ۔ ایسی حالت میں فطری طور پر ہمارا عملی پروگرام یہی ہو گا کہ قوم کے افراد کو با شعور بنایا جائے ۔ الرسالہ کے ذریعہ اس وقت یہی کام انجام دیا جا رہا ہے ۔ الرسالہ قوم کے افراد کو با شعور بنانے کی مہم ہے ۔ اس مہم میں آپ حضرات کا تعاون یہ ہونا چاہیے کہ آپ ہر ممکن طریقہ سے الرسالہ کو پھیلانے کی کوشش کریں ۔ فکری بیداری پیدا کرنے کی اس مہم میں شرکت کے مختلف طریقے ہیں ۔ مثلاً ہر ماہ الرسالہ کے کچھ شمارے خرید کر اس کو تقسیم کرنا ، لائبریریوں میں الرسالہ جاری کرانا ۔ کتب فروش حضرات کو تیار کرنا کہ وہ اپنی دکانوں پر الرسالہ منگا کر رکھیں ۔ ایجنسی لے کر الرسالہ کو دوسروں تک پہنچانا ۔ اس طرح کے مختلف طریقے ہیں اور ہر آدمی اپنے حالات کے اعتبار سے کوئی طریقہ اختیار کر سکتا ہے ۔ اور وہی اس کے لیے عملی پروگرام ہوگا ۔ یہی ہمارے عمل کا نقطۂ آغاز ہے ۔ مسٹر کلیپ نائر نے اپنی کنونشن کی تقریر میں کہا کہ تقسیم (۱۹۴۷) کے بعد جب میں سیالکوٹ سے نکل کر دہلی آیا تو یہاں میری ملاقات مولانا حسرت موہانی سے ہوئی ۔ ان سے میں کافی قریب ہو گیا ۔ اس وقت میں اُردو شاعری کیا کرتا تھا ۔ مولانا حسرت موہانی نے " من نکردم شما حذر بکنید " کے اصول پر مجھ سے کہا کہ تم اردو شاعری چھوڑ دو اور انگریزی جرنلزم میں محنت کرو ۔ مولانا موہانی کی اس نصیحت کا مجھے بہت فائدہ ہوا ۔ ناگپور میں ایک بات میں نے یہ دیکھی کہ یہاں کے تعلیم یافتہ مسلمان بات بات پر اردو کا شعر پڑھتے ہیں ۔ ان کی گفتگو اور ان کی سوچ پر شاعرانہ اسلوب غالب ہے ۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ جہار اسٹریٹ میں کثرت سے اردو اسکول ہیں ۔ یہاں کے تعلیم یافتہ مسلمانوں کی اکثریت انہیں اردو اسکولوں سے پڑھ کر آتی ہے ۔ اردو چونکہ بنیادی طور پر شاعری اور ادب کی زبان رہی ہے ، اس لیے ان حضرات کے ذہن پر یہی اسلوب چھایا گیا ہے ۔ ہندوستان کے تمام رہ نما اردو کی بقا پر زور دیتے رہے ہیں ۔ یہ بات یقیناً بہت اہم ہے ۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page