اوراقِ حکمت
Urdu book, p. 228
By Maulana Wahiduddin Khan
تنقید کی دو قسمیں ہیں۔ ایک ہے دلیل کی بنیاد پر تنقید، اور دوسری بے دلیل الزام۔ دلیل کی بنیاد پر تنقید کا حق ہر شخص کو ہے، مگر بے دلیل الزام کا حق کسی کو نہیں۔ ایک شخص اگر کسی کے خلاف بے دلیل الزام لگائے تو وضاحت کے بعد اس کو کھلے طور پر اپنی غلطی کا اعتراف کر لینا چاہیے ۔ بے دلیل الزام لگانا اگر غلطی ہے تو وضاحت کے بعد اپنی غلطی کا اعتراف نہ کرنا غلطی پر سرکشی کا اضافہ ہے، اور سرکشی اللہ تعالیٰ کے یہاں ناقابلِ معافی جرم ہے۔ 27 دسمبر 1985 سموئل گولڈون (Samuel Goldwyn, 1879-1974) امریکا کا مشہور فلم پروڈیوسر ہے۔ اس کی کمپنی پیرا ماؤنٹ پکچرس کارپوریشن کو 1960 میں 13 کروڑ 10 لاکھ ڈالرز سے بھی زیادہ کا منافع ہوا۔ 1913 میں اس نے اپنے دوشریکوں کے ساتھ اپنی پہلی فلم اسکوامین (The Squaw Man) بنائی تو اس کے پاس اپنے کارکنوں کو اجرت ادا کرنے کے لیے کافی رقم نہ تھی۔ سموئل گولڈون اور اس کے ساتھیوں کو جب مالی کمی نے بہت زیادہ پریشان کیا تو انھوں نے طے کیا کہ ان کی فلم کے لیڈنگ ایکٹر ڈسٹن فرنم (Dustin Farnum 1874-1929) کو اس پر راضی کیا جائے کہ وہ اپنی ایکٹنگ کی اجرت لینے کے بجائے کمپنی میں حصہ دار بننے پر راضی ہو جائے۔ گولڈون یہ سوچ کر ڈسٹن فرنم کے پاس گیا۔ مگر جیسے ہی انھوں نے اپنی تجویز پیش کی ، اس نے فوراً مطالبہ کیا کہ پوری مدتِ عمل کے لیے میری تمام تنخواہ پیشگی ادا کر دی جائے ورنہ میں اس کمپنی میں کام نہیں کروں گا۔ ایکٹر کی یہ رقم کل پانچ ہزار ڈالر ہوتی تھی، جو کہ کمپنی کے اُس وقت کے کل سرمائے کا 25 فی صد تھی۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader