عورت سرمایہ حیات
Urdu book, p. 112
By Maulana Wahiduddin Khan
صدیقہ نے اس حقیقت کو اخذ کیا اور پھر اُس کو ساری اُمت کو بتایا۔ عائشہ صدیقہ کی اس روایت کے مطابق ، اصل بات یہ تھی کہ مکہ کے برعکس ، مدینہ میں وہ بڑے قبائلی سردار موجود ہی نہ تھے جو اس قسم کی مزاحمت کا اصل سبب ہوتے ہیں۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی نبوت سے کچھ ہی پہلے وہاں خانہ جنگی ہوئی جس میں مدینہ کے اکثر بڑے سردار قتل ہوگئے۔ تاریخ بتاتی ہے کہ کسی مشن کے خلاف مزاحمت کی تحریکیں ہمیشہ لیڈر لوگ چلاتے ہیں۔ پھر جب مدینہ میں وہاں کے لیڈر لوگ نہ رہے تو مزاحمت کی جڑ اپنے آپ کٹ گئی ۔ چنانچہ عوام نے اسلام کو اپنی فطرت کی آواز سمجھ کر اس کو قبول کرلیا۔ 3- صحیح مسلم میں یہ روایت ہے کہ رسول اللہ کی وفات کے بعد خلافت راشدہ کے زمانہ میں عائشہ صدیقہ کے شاگرد ابن ابی ملیکہ نے اُن سے پوچھا کہ اگر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم خود کسی کو خلیفہ بناتے تو کس کو بناتے ۔ فرمایا ابوبکر کو ۔ پوچھا اُن کے بعد، جواب دیا عمر کو۔ سوال کیا کہ پھر، کہا ابو عبیدہ بن جراح کو۔ اس کے بعد کس کو۔ اس کے جواب میں عائشہ صدیقہ چپ ہوگئیں ( صحیح مسلم، حدیث نمبر 2385 )۔ اس روایت سے معلوم ہوتا ہے کہ عائشہ صدیقہ نے پیغمبر اسلام کی محبت سے جو باتیں سیکھی تھیں اُن میں سے ایک اہم بات یہ تھی کہ اجتماعی معاملات میں فرد کی اہمیت کتنی زیادہ ہے۔ اجتماعی زندگی کی تعمیر صرف نظام یا سسٹم کے ذریعہ نہیں ہوتی ۔ بلکہ اُس کے لیے ہمیشہ ایک فرد درکار ہوتا ہے ، ایک ایسا فرد جو خصوصی صلاحیتوں کا حامل ہو۔ عائشہ صدیقہ کے مطابق ، اسلام کے دور اوّل کے انقلاب میں بھی صرف تین آدمی ایسے تھے جو کامیابی کے ساتھ اجتماعی ذمہ داری کو سنبھال سکیں ۔ اس سے یہ مستنبط ہوتا ہے کہ اجتماعی اصلاح کے معاملہ میں اصل مسئلہ یہ نہیں ہے کہ ایک ڈھانچہ کو توڑ کر دوسرا ڈھانچہ بنایا جائے۔ بلکہ اجتماعی اصلاح کی اصل ضرورت یہ ہے کہ اُس کے لیے اہل افراد تیار کیے جائیں۔ یہ

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader