عورت سرمایہ حیات
Urdu book, p. 130
By Maulana Wahiduddin Khan
تاکہ پیغمبر اسلام اس کو قبول نہ کرتے۔ حتی کہ یہ امکان تھا کہ وہ اس رشتہ کو قابل غور بھی نہ سمجھیں۔ غالباً اسی نزاکت کی بنا پر یہ ہوا کہ خدا کا فرشتہ آپ کے پاس آیا اور اس غیر معمولی رشتہ کے بارے میں اس نے آپ کو پیشگی خبر دی تا کہ آپ کو اس معاملہ میں تردّد نہ رہے۔ یہ تقریباً ویسا ہی ایک معاملہ تھا جو اس سے پہلے مریم کے ساتھ پیش آ چکا تھا۔ مریم کو اس پر سخت تردّد ہو سکتا تھا کہ ان کے یہاں بغیر باپ کے ایک بچہ پیدا ہو۔ اس لیے اللہ تعالیٰ نے ان کے پاس پیشگی طور پر ایک فرشتہ بھیجا۔ اس نے انسان کی صورت اختیار کر کے مریم کو اس معاملہ کی خبر دی۔ اس کا ذکر قرآن میں واضح الفاظ میں آیا ہے (19: 17)۔ اس رشتہ کے بارے میں فرشتہ کا پیشگی خبر دینا صحیح روایات سے ثابت ہے۔ چنانچہ روایات میں آیا ہے کہ عائشہ کہتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھ سے کہا کہ مجھ کو خواب میں تمہیں دکھایا گیا کہ ایک فرشتہ ریشم کے کپڑے میں تم کو لے کر آتا ہے۔ فرشتہ نے کہا کہ یہ تمہاری بیوی ہے۔ میں نے تمھارے چہرے سے کپڑا اٹھایا۔ پھر دیکھا کہ تم ہو۔ میں نے کہا کہ اگر یہ اللہ کی طرف سے ہے تو یہ پورا ہو کر رہے گا: قَالَتْ: قَالَ لِي رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: رَأَيْتُكَ فِي الْمَنَامِ يَجِيءُ بِكِ المَلَكُ فِي سَرَقَةٍ مِنْ حَرِيرٍ، فَقَالَ لِي: هَذِهِ امْرَأَتُكَ، فَكَشَفْتُ عَنْ وَجْهِكِ الثَّوْبَ فَإِذَا أَنْتِ هِيَ، فَقُلْتُ: إِنْ يَكُ هَذَا مِنْ عِنْدِ اللَّهِ يُمْضِهِ (صحیح البخاری، حدیث نمبر 5125)۔ عائشہ صدیقہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ گیارہ سال تک رہیں۔ چوں کہ اُن کی عمر آپ کے مقابلہ میں بہت کم تھی، پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات کے بعد وہ تقریباً پچاس سال تک زندہ رہیں۔ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات کے بعد وہ تقریباً نصف صدی تک علم نبوت کی اشاعت کا ذریعہ بنی رہیں۔ واقعات بتاتے ہیں کہ عائشہ صدیقہ نے دین کی ایسی گہری حکمتیں بتائیں جو کسی دوسرے صحابی کے ذریعہ امت کو نہیں مل سکیں ۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader