عورت سرمایہ حیات
Urdu book, p. 136
By Maulana Wahiduddin Khan
چند تاریخی خواتین پیغمبروں کی تاریخ میں چند خواتین ایسی ملتی ہیں جو پوری انسانیت کے لیے نمونہ کی حیثیت رکھتی ہیں۔ اگر چہ تمام پیغمبروں اور ان کے اہل خانہ کے حالات ہمارے علم میں نہیں ہیں، تاہم قرآن یا حدیث کے ذریعہ جو حالات ہمارے علم میں آئے ہیں ان میں سے چند خواتین نمایاں حیثیت رکھتی ہیں۔ وہ مختلف پہلوؤں سے ساری انسانیت کے لیے نمونہ ہیں۔ یہاں مختصر طور پر چند ایسی خواتین کا ذکر کیا جاتا ہے۔ ہاجرہ ام اسماعیل اس سلسلہ میں ایک نام حضرت ہاجرہ (یا ہاجر) کا ہے۔ وہ پیغمبر ابراہیم کی بیوی تھیں۔ ان سے ایک اولاد پیدا ہوئی جن کا نام اسماعیل رکھا گیا۔ ایک خدائی منصوبہ کے تحت حضرت ابراہیم نے ہاجرہ اور ان کے چھوٹے بچے کو عرب میں مکہ کے مقام پر لے جا کر بسا دیا جو اس وقت بالکل غیر آباد تھا۔ اس واقعہ کے بارے میں قرآن میں مختصر طور پر یہ حوالہ ملتا ہے: اور جب ابراہیم نے کہا، اے میرے رب، اس شہر کو امن والا بنا اور مجھ کو اور میری اولاد کو اس سے دور رکھ کہ ہم بتوں کی عبادت کریں۔ اے میرے رب، ان بتوں نے بہت لوگوں کو گمراہ کر دیا۔ پس جس نے میری پیروی کی وہ میرا ہے۔ اور جس نے میرا کہا نہ مانا تو تو بخشنے والا مہربان ہے۔ اے ہمارے رب، میں نے اپنی اولاد کو ایک بے کھیتی کی وادی میں تیرے محترم گھر کے پاس بسایا ہے۔ اے ہمارے رب، تا کہ وہ نماز قائم کریں۔ پس تو لوگوں کے دل ان کی طرف مائل کر دے اور اُن کو پھلوں کی روزی عطا فرما، تا کہ وہ شکر کریں (37-14:35)۔ ہاجرہ کے بارے میں قرآن میں صرف مختصر اشارہ آیا ہے۔ تاہم حدیث کی مشہور کتاب صحیح البخاری میں ہاجرہ کے بارے میں تفصیلی روایت موجود ہے۔ یہ روایت یہاں نقل کی جاتی

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader