عورت معمارِ انسانیت
Urdu book, p. 56
By Maulana Wahiduddin Khan
زندگی گزاریں کہ ہر حال میں وہ اعتدال پر قائم رہیں ۔ وہ خوشحالی میں مغرور نہ بنیں اور مفلسی میں مایوسی کا شکار نہ ہوں ۔ وہ اقتدار کی حالت میں بھی تواضع کے اصول پر قائم رہیں اور بے اقتدار کی حالت میں بھی ۔ انہیں فائدہ ہو یا نقصان، انہیں عزت ملے یا بے عزتی ، وہ کامیاب ہوں یا ناکام، ہر حال میں وہ یکساں طور پر خدا کے پرستار بنے رہیں ۔ زندگی کا کوئی اتار اور چڑھاؤ انہیں سچائی اور انصاف کے راستہ سے ہٹانے والا نہ ہو ۔ ایسے ہی عورت اور مرد خدا کی نظر میں نفس مطمئن ہیں اور جو مرد اور عورت اس معیار پر پورے اُتریں وہی خدا کے مطلوب بندے قرار پائیں گے ۔ 40۔ پر مشقت زندگی قرآن میں ارشاد ہوا ہے : نہیں، میں قسم کھاتا ہوں اس شہر کی۔ اور تم اس میں مقیم ہو۔ اور قسم ہے باپ کی اور اس کی اولاد کی۔ ہم نے انسان کو مشقت میں پیدا کیا ہے (4-90)۔ قرآن کی اس آیت میں خدا کے تخلیقی نقشہ کو بتایا گیا ہے۔ وہ یہ کہ موجودہ دنیا کو خدا نے آرام گاہ کے طور پر نہیں بنایا ہے بلکہ اس کو امتحان گاہ کے طور پر بنایا ہے۔ اس امتحانی مصلحت کی بنا پر دنیا میں ہر مرد اور عورت کے ساتھ طرح طرح کی مصیبتیں اور مشقتیں پیش آتی ہیں۔ کیوں کہ مصیبتوں اور مشقتوں میں ڈالے بغیر امتحان کا عمل انجام نہیں پاسکتا۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader