Urdu book · عظمتِ اسلام

پیغمبر کی اہمیت

Urdu book, p. 103

By Maulana Wahiduddin Khan

پیغمبر انسان کی اسی کوتاہی کا بدل ہے ۔ پیغمبر انسان کی اسی محدودیت کو مکمل کرتا ہے۔ پیغمبر انسان کو اس منزل تک لے جاتا ہے جہاں وہ خود اپنی کوشش سے پہنچ نہیں سکتا تھا۔ پیغمبر اس استثنائی شخص کا نام ہے جس کو خدا اس لیے چنتا ہے کہ اس کو اپنے فرشتہ کے ذریعہ علم کلی سے آگاہ کرے ، اور پھر یہ پیغمبر دوسرے تمام انسانوں کو اسے بتائے۔ پیغمبر خدا اور انسان کے درمیان واسطہ کا کام کرتا ہے۔ خدا کی طرف سے آنے والے تمام پیغمبروں نے یہی خاص وظیفہ انجام دیا۔ محمد عربی صلی اللہ علیہ وسلم بھی اسی قسم کے ایک پیغمبر تھے ، تاہم آپ میں اور دوسروں میں یہ فرق ہے کہ دوسرے پیغمبروں کی تعلیمات اپنی اصل ابتدائی صورت میں باقی نہیں رہیں، جب کہ آپ کی تعلیمات پوری طرح محفوظ حالت میں موجود ہیں۔ اور آپ کی زندگی کے حالات ایک معلوم تاریخی حقیقت کی مانند ہمارے سامنے ہیں۔ اب محمد عربی صلے اللہ علیہ وسلم ہی دین خدا کو معلوم کرنے کا واحد مستند ذریعہ ہیں۔ اس اعتبار سے پیغمبر انسان کے لیے انتہائی قیمتی تحفہ کی حیثیت رکھتا ہے۔ آپ کی مدد سے انسان وہ چیز حاصل کر سکتا ہے جس کو وہ کسی بھی دوسرے ذریعہ سے حاصل نہیں کر سکتا یعنی ایک صحیح اور مبنی بر حقیقت فکر ، اور پھر اس کی بنیاد پر مطلوب انسانی معاشرہ کی تشکیل۔ سائنس تمدن کو ترقی دے سکتی ہے مگر وہ انسانیت کی تشکیل نہیں کر سکتی۔ انسانی ساخت کے نظام کچھ ظاہری ڈھانچے بنا سکتے ہیں مگر وہ انسان کو امن اور سکون کا تحفہ نہیں دے سکتے۔ انسانیت کی حقیقی تشکیل اور امن اور سکون کا سچا معاشرہ صرف اسی وقت بن سکتا ہے جب کہ پیغمبر کی رہنمائی کو قبول کر کے اسے انجام دیا جائے ۔ پیغمبر گویا ہمارا راستہ کی روشنی ہے۔ پیغمبر ہماری عقل کی صحیح رہنمائی کرتا ہے۔ پیغمبر ان سوالات کا جواب مہیا کرتا ہے جن کو ہم خود اپنی کوشش سے حاصل نہیں کر سکتے تھے۔ پیغمبر ہمارے لیے بھٹکاؤ سے بچنے کی ضمانت ہے۔ پیغمبر کی رہنمائی ایسی کامل رہنمائی ہے جس میں بیک وقت ماضی اور حال اور مستقبل کے تمام پہلوؤں کی رعایت شامل ہے۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page