تاریخی پیغمبر
Urdu book, p. 103
By Maulana Wahiduddin Khan
تاریخی پیغمبر محمد صلّی اللہ علیہ وسلم کے ذریعہ دنیا کو جو چیزیں ملیں ، ان میں سے ایک اہم چیز وہ ہے جس کو قرآن میں " مقام محمود " کے لفظ سے تعبیر کیا گیا ہے ۔ آپ کے ذریعہ دنیا کو نبوت محمودی (بالفاظِ دیگر نبوتِ معترف) حاصل ہوئی ، یعنی ایسی نبوت جو مانی ہوئی نبوت ہو ، جس کا اعتراف کیے بغیر چارہ نہ رہے ۔ قرآن میں جن دو درجن پیغمبروں کا ذکر ہے اور ان کے علاوہ خدا کی طرف سے جو پیغمبر آئے وہ سب سچے پیغمبر تھے ۔ ہم ان سب پر یکساں طور پر ایمان رکھتے ہیں ( لا نَفَرّقُ بَيْنَ أَحَدٍ مِّن رُّسُلِهِ ) مگر ایک شخص جو خالص عقلی اور تاریخی اعتبار سے جانچنا چاہے ، وہ پیغمبروں کے بارہ میں بہت سی واقعاتی باتیں جاننا چاہے گا ۔ مثلاً وہ کہاں کے رہنے والے تھے ۔ کب پیدا ہوئے ۔ ان کے والدین کا نام کیا تھا ۔ وہ کون سی زبان بولتے تھے ۔ کیا ان کے ہم عصر مورخین نے ان کا تذکرہ کیا ہے ۔ وغیرہ اس قسم کے لوگ جب ان پہلوؤں سے پچھلے پیغمبروں کا جائزہ لیتے ہیں تو وہ پاتے ہیں کہ ان پیغمبروں کے بارہ میں ہر بات ، غیر معلوم ہے۔ مثلاً مصر کی تاریخ میں حضرت موسی کا ذکر نہیں ۔ حضرت مسیح سے پہلے پیدا ہونے والے یونانی فلسفی اور یونانی سرداروں کا ذکر تاریخ میں موجود ہے مگر حضرت مسیح کا ذکر موجود نہیں ۔ حتی کہ یہ بھی ثابت نہیں کہ حضرت مسیح کون سی زبان بولتے تھے۔ برٹرینڈ رسل نے لکھا ہے : Historically, it is quite doubtful whether Christ ever existed at all. یہی معاملہ دوسرے تمام پیغمبروں کا ہے ۔ اہلِ ایمان بلاشبہ ان کو پیغمبر مانتے ہیں ۔ مگر غیر اہلِ ایمان جو معاملہ کو علمی اور تاریخی طور پر جانچنا چاہتے ہیں ، وہ یہاں ایسے واقعات و حقائق نہیں پاتے جن کی روشنی میں وہ اپنے علمی سوالات کا جواب پاسکیں ۔ مگر محمد صلّی اللہ علیہ وسلم کا معاملہ استثنائی طور پر مختلف ہے ۔ آپ کی پوری زندگی شروع سے آخر تک معلوم اور محفوظ ہے ۔ وہی لوگ جو دوسرے پیغمبروں کے تذکرہ کے تحت کہتے ہیں کہ ان کے واقعات زندگی تاریخی طور پر نامعلوم ہیں ، وہی جب محمد صلّی اللہ علیہ وسلم کا تذکرہ کرتے ہیں تو ان کو لکھنا پڑتا ہے : Muhammad was born within the full light of history. اللہ نے خالص علمی اعتبار سے آپ کو اتنا ثابت شدہ بنا دیا ہے کہ کسی شخص کے لیے آپ کو پہچاننا مشکل نہ رہے۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader