تاریخی پیغمبر
Urdu book, p. 105
By Maulana Wahiduddin Khan
پیغمبر اسلام نے انسان کو اس کے حقیقی خدا سے متعارف کرایا۔ تو ہم پرستانہ مذہب کی جگہ سچا خدائی مذہب انسان کو دیا۔ آپ کا ظہور ساری انسانیت کے لیے رحمت اور نعمت تھا۔ خدا کو چھوڑنے کا واحد بدل تو ہم پرستی ہے۔ خدا کو چھوڑنے کے بعد غیر خدا کو خدا بنانا پڑتا ہے۔ مخلوق سے وہ تعلق قائم کرنا پڑتا ہے جو صرف خدا سے قائم کرنا چاہیے۔ قدیم زمانہ میں شرک کے غلبہ کی وجہ سے انسان مسلسل تو ہم پرستی کا شکار رہا۔ غیر خدا کی پرستش کی وجہ سے وہ خدا کی معرفت حاصل نہ کر سکا۔ پیغمبر اسلام کے ذریعہ جو انقلاب لایا گیا اس کا مقصد یہی تھا کہ انسان کے اوپر سے اس تاریک دور کو ختم کیا جائے۔ توحید کے انقلاب (اور اس کے نتیجہ میں آنے والے سائنسی انقلاب) نے انسان کو خدا سے متعارف کر کے تو ہم پرستی کے دور کو ہمیشہ کے لیے ختم کر دیا۔ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی دو حیثیتیں قرآن میں بتائی گئی ہیں : محمد رسول اللہ وخاتم النبیین (الاحزاب ۴۰) آپ اسی طرح ایک رسول تھے جس طرح دوسرے تمام رسول خدا کی طرف سے آئے۔ آپ میں اور دوسرے رسولوں میں "رسول" ہونے کے اعتبار سے کوئی فرق نہ تھا۔ مگر اسی کے ساتھ آپ کی ایک اور حیثیت تھی ۔ وہ یہ کہ آپ خاتم النبیین تھے۔ آپ کے بعد دوسرا کوئی نبی آنے والا نہیں ۔ نبوت انسانی دنیا کے لیے خدا کا اہم ترین مطلوب ہے۔ نبی خدا کے منصوبہ تخلیق کا ایک لازمی جزو ہے۔ یہی وجہ ہے کہ قدیم زمانہ میں مسلسل نبی بھیجے جاتے رہے (المومنون ۴۴) اس لیے ختم نبوت کا فیصلہ لازمی طور پر بدل نبوت کا تقاضا کرتا ہے۔ نبوت اس کے بغیر ختم نہیں کی جا سکتی کہ دنیا کے لیے اس کا ایک بدل فراہم کر دیا گیا۔ ثابت شدہ دین اسی مقصد کو پورا کرتا ہے۔ تاریخی طور پر مسلم اور ثابت شدہ دین گویا نبوت کے بعد نبوت کا بدل ہے ۔ خدا نے جب یہ فیصلہ کیا کہ اب نبوت کا سلسلہ ختم کر دیا جائے ، اسی وقت اس نے یہ فیصلہ بھی کیا کہ دین کو ہمیشہ کے لیے ایک ثابت شدہ حقیقت (Established truth) بنادیا جائے ۔ تاکہ پہلے زندہ پیغمبر کے ذریعہ انسان کو جو رہنمائی دی جا رہی تھی ، وہ ہر دور میں انسان کو حاصل ہوتی رہے ۔ اسلام کے انقلاب نے انسان کو تو ہم پرستی کے دور سے نجات دیدی۔ اسی کے ساتھ اس کو ثابت شدہ نبوت کے دور میں پہنچا دیا تا کہ خدا کے پیغمبر کو پہچاننے میں اس کے لیے کوئی رکاوٹ باقی نہ رہے۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader