Urdu book · عظمتِ اسلام

وخاتم النبیین

Urdu book, p. 106

By Maulana Wahiduddin Khan

پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کے بارہ میں یہ اعلان کہ آپ آخری رسول ہیں ، ایک اعتبار سے آپ کی حیثیت نبوت کا اعلان ہے۔ دوسرے اعتبار سے یہ آپ کی نبوت کے حق میں ایک پیشگی دلیل بھی ہے۔ کیوں کہ اس اعلان کا لازمی تقاضا یہ بھی ہے کہ آئندہ پوری انسانی تاریخ میں آپ کے پیغمبر خدا ہونے کی حیثیت مسلسل طور پر برقرار رہے۔ اس میں کسی قسم کا کوئی رخنہ پیدا نہ ہونے پائے۔ اس کا ایک پہلو یہ تھا کہ اصولی طور پر نبوت کی اہمیت کبھی ختم نہ ہو۔ انسان ہمیشہ نبوت کا محتاج رہے۔ یہ حقیقت پچھلے چودہ سو سال سے مسلسل برقرار ہے۔ انسان نے متعدد بار یہ دعویٰ کیا کہ وہ نبوت سے مستغنی ہو چکا ہے۔ مگر جلد ہی اس کا دعویٰ باطل ثابت ہو گیا۔ مثلاً جدید سائنس کے ظہور کے بعد کچھ لوگوں نے اس قسم کا دعویٰ کیا۔ اسی طرح مارکسیزم کے ظہور کے بعد اسی قسم کا دعویٰ کیا گیا۔ مگر سائنس نے جلد ہی اپنی محدودیت کا اقرار کر لیا۔ اور مارکسیزم اپنے پہلے ہی تجربہ میں سراسر بے بنیاد ثابت ہو گیا۔ اسی طرح اس کا ایک پہلو یہ تھا کہ علم انسانی کا ارتقاء کوئی ایسی بات ثابت نہ کر سکے جو آپ کی لائی ہوئی تعلیمات یا اس کے کسی اصول کو رد کرنے والا ہو۔ اس معاملہ میں بھی آپ کی حیثیت کامل طور پر برقرار ہے۔ پچھلی صدیوں میں انسانی علوم نے غیر معمولی ترقی کی ہے۔ مگر اب تک کوئی ایک بات بھی ایسی سامنے نہیں آئی جو آپ کی دی ہوئی ہدایت کی جزئی یا کلی تردید کرنے والی ہو۔ اسی طرح یہ بھی ضروری تھا کہ انقلابات کی آندھیاں آپ کی جلائی ہوئی روشنی کو بجھانے پر قادر نہ ہو سکیں۔ اس اعتبار سے دیکھئے تو آپ کے ظہور کے بعد مختلف قسم کی آندھیاں اٹھیں۔ مثلاً عباسی دور میں علوم یونانی کی آندھی۔ اس کے بعد تاتاریوں کا طوفان۔ اس کے بعد لمبی مدت تک صلیبی لڑائیاں۔ اس کے بعد سائنسی انقلاب، اس کے بعد اشتراکی ہنگامہ، وغیرہ۔ اس قسم کے مختلف طوفان بار بار آرہے ہیں۔ مگر ان میں سے کوئی بھی اس پر قادر نہ ہو سکا کہ وہ آپ کے نور ہدایت کو بجھا دے۔ آج ایک بلین انسان آپ کے دین کی پشت پر ساری دنیا میں آباد ہیں۔ سطح ارض کا بہت بڑا حصہ مسلم قوموں کے قبضہ میں ہے۔ مسلم دنیا کے تحت پٹرول اور ہر قسم کے قدرتی ذخائر وافر مقدار میں موجود ہیں۔ ان چیزوں نے آپ کے دین کو اتنا مستحکم کر دیا ہے کہ کوئی بھی اس کو نقصان نہ پہنچا سکے۔ اس قسم کے واقعات بتاتے ہیں کہ آپ کی آخری رسول ہونے کی حیثیت تاریخ میں مسلسل طور پر برقرار ہے۔ اس میں کسی پہلو سے کوئی نقصان پیش نہیں آیا۔ یہ بلاشبہ آپ کے نبی برحق ہونے کی ایک واضح تاریخی دلیل ہے۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page