Urdu book · عظمتِ اسلام

خدا کا عقیدہ

Urdu book, p. 10

By Maulana Wahiduddin Khan

خدا کا عقیدہ دنیا کی ہر چیز اپنے آخری ماڈل پر ہے۔ کوئی چیز جیسی بنائی گئی ہے اس چیز کا اس سے بہتر ماڈل ممکن نہیں۔ کوئی بھی آرٹسٹ کسی بھی چیز کا موجودہ ماڈل سے بہتر ماڈل تیار نہیں کر سکتا۔ گھاس لے کر درخت تک، چیونٹی سے لے کر شیر تک، ہڑیا سے لے کر انسان تک ، ہر چیز اپنے آخری بہترین ماڈل پر ہے۔ یہ ایک تاریخی حقیقت ہے کہ انسانی دماغ آج تک اس سے بہتر ماڈل کا تصور نہ کر سکا۔ جب عالم مخلوقات کی ہر چیز اپنے آخری ماڈل پر ہے تو مخلوقات کے خالق کو بھی یقینی طور پر اسی معیاری صفت کا حامل ہونا چاہیے۔ اس اعتبار سے دیکھے تو خدا کے بارہ میں جتنے تصورات ہیں ان میں توحید کا تصور آخری اعتقادی ماڈل نظر آئے گا۔ دو خدا کا تصور، تین خدا کا تصور یا بہت سے خداؤں کا تصور، سب کے سب توحید سے کمتر ہیں ، اس لیے پہلے ہی جانچ میں وہ قابل رد ہو جاتے ہیں۔ خدا ایک ہے ، اسی لیے وہ خدا ہے۔ خدا اگر ایک نہ ہوتا تو وہ خدا بھی نہ ہوتا۔ حقیقت یہ ہے کہ موجودہ کائنات کا خدا ایک ہی خدا ہو سکتا ہے۔ کئی خدا کا تصور نہ ممکن ہے اور نہ معقول۔ توحید کا آخری اعتقادی ماڈل ہونا بذات خود اس بات کا ثبوت ہے کہ یہی درست عقیدہ ہے، اور تمام انسانوں کو بلا بحث اسی کو اپنا مذہبی عقیدہ بنانا چاہیے۔ اس کے سوا کوئی اور عقیدہ نہ اصولاً درست ہے ، اور نہ کسی اور عقیدہ کو اختیار کرنا انسان کے لیے فلاح کا ضامن ہو سکتا ہے۔ توحید ہی دین حق کی واحد فکری اساس ہے۔ تمام معلوم حقیقتیں اسی تصور کی تائید کرتی ہیں کہ اس کائنات کا خالق و مالک ایک ہے۔ کائنات بظاہر مختلف اور متنوع اشیاء کا مجموعہ نظر آتی ہے۔ مگر تمام چیزوں کا آخری ترکیبی جزء ایک ہے۔ کائنات میں بے شمار قسم کی سرگرمیاں جاری ہیں۔ مگر سب کی سب ایک ایک ہی مرکزی نظام سے جڑی ہوئی ہیں۔ کائنات ناقابل بیان حد تک وسیع ہے۔ مگر پوری وسیع کائنات میں ایک ہی قانون کی کارفرمائی ہے۔ کائنات کو جس رخ سے بھی دیکھا جائے ۔ اس میں حیرت انگیز یکسانیت دکھائی دیتی ہے ۔ وغیرہ ۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page