Urdu book · عظمتِ اسلام

تاریخ کا سب سے بڑا انسان

Urdu book, p. 113

By Maulana Wahiduddin Khan

تاریخ کا سب سے بڑا انسان برطانی مستشرق ایم ای کلیٹ نے اپنی ایک کتاب میں پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کا ذکر کیا ہے۔ اس نے آپ کا اعتراف کرتے ہوئے لکھا ہے کہ تاریخ میں مذہب اسلام کے بانی سے زیادہ حیرت ناک کوئی کردار نہیں پایا جاتا۔ کوئی دوسرا آدمی مشکل سے ملے گا جس نے دنیا کی تقدیر پر اتنا گہرا اثر ڈالا ہو۔ بلاشبہ ان کو موافق حالات ملے۔ مگر وہ جانتے تھے کہ ان حالات کو کس طرح اپنے حق میں موڑا جائے۔ انھوں نے مشکلات کا مقابلہ اس عزم کے ساتھ کیا کہ ناکامی سے کامیابی کو نچوڑیں۔ اگر چہ وہ کسی دوسرے مقام پر یا کسی دوسرے زمانے میں اس طرح کامیاب نہیں ہو سکتے تھے مگر یہ بھی یقینی ہے کہ دوسرا کوئی آدمی سرے سے کامیابی ہی حاصل نہیں کر سکتا تھا : اس طرح کا اعتراف بیشتر مورخین نے کیا ہے۔ آپ کی عملی جدوجہد کی مدت صرف ۲۳ سال ہے۔ آپ نے فرد واحد کی حیثیت سے اپنے کام کا آغاز فرمایا۔ مگر اس مختصر مدت میں عرب کے تمام قبائل آپ کے دین میں داخل ہو گئے۔ یمن سے لے کر شام و فلسطین کی سرحدوں تک پورے جزیرہ نماۓ عرب پر آپ کی مملکت قائم ہوگئی۔ آپ کے دین کی پشت پر ایک انتہائی طاقت در ٹیم تیار ہوگئی جس نے وقت کی شہنشاہیتوں سے ٹکر لی اور ایک ایسا انقلاب برپا کیا جس کے ہمہ جہتی اثرات ساری دنیا میں محسوس کیے گئے۔ دینی اصلاح، علمی ارتقاء، اخلاقی روایات، سائنسی ترقی ، غرض انسانی زندگی میں بعد کے دور میں جو بھی اعلیٰ کام ہوئے ہیں وہ سب براہ راست یا بالواسطہ طور پر آپ ہی کے لائے ہوئے انقلاب کا نتیجہ ہیں۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page