تاریخ کا سب سے بڑا انسان
Urdu book, p. 115
By Maulana Wahiduddin Khan
پیغمبرِ اسلام کو شکست دینے کے لیے ان کے زمانہ کی تمام باطل طاقتیں متحد ہوگئیں۔ اس کے با وجود آپ کو ایسی کامیابی حاصل ہوئی جس کی دوسری نظیر تاریخ میں نہیں ملتی۔ پیغمبرِ اسلام کو یہ غیر معمولی کامیابی خدا کی خاص مدد سے حاصل ہوئی۔ یہ ایک تاریخی نمونہ ہے جس کے ذریعہ خدا نے تمام انسانوں کو یہ دکھایا ہے کہ آخر کار صرف وہ لوگ کامیابی کا مقام حاصل کریں گے جو خدا کے سچے راستہ پر چلیں۔ اس کے علاوہ دوسرے راستوں پر چلنے والے لوگ خدا کی دنیا میں ناکام و نامراد ہو کر رہ جائیں گے۔ ڈاکٹر مائیکل ہارٹ (Michael H. Hart) کی ۷۲، ۵ صفحہ کی کتاب ایک سو (The 100) پہلی بار ۱۹۷۸ میں چھپی۔ مصنف نے اپنی اس کتاب میں پوری تاریخ سے ایک سو ایسے انسانوں کا انتخاب کیا جنھوں نے دنیا میں سب سے زیادہ بڑائی اور کامیابی حاصل کی۔ اس فہرست میں مصنف نے پیغمبرِ اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کا نام نمبر ایک پر رکھا تھا۔ اس نے لکھا تھا کہ وہ تاریخ کے واحد شخص ہیں جو مذہبی اور دنیاوی دونوں پہلوؤں سے سب سے زیادہ کامیاب رہے : He was the only man in history who was supremely successful on both the religious and secular levels. (p. 33) قرآن میں پیغمبرِ اسلام کو تمام انسانوں کے لیے نمونہ (الاحزاب (۲۱) بتایا گیا ہے۔ اس اعتبار سے یہ کہنا صحیح ہوگا کہ پیغمبرِ اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی حیثیت صرف یہ نہیں تھی کہ وہ تاریخ کے سب سے زیادہ کامیاب انسان تھے۔ بلکہ آپ نے اسی کے ساتھ اپنی عملی زندگی سے یہ بتایا کہ اس دنیا میں سب سے بڑی کامیابی (supreme success) حاصل کرنے کا طریقہ کیا ہے۔ پیغمبرِ اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی حیثیت ہیرو کی نہیں ہے بلکہ ایک ابدی رہ نما کی ہے۔ آپ کو اللہ تعالیٰ نے زندگی کے اعلیٰ ترین اصول بذریعہ وحی تعلیم فرمائے۔ آپ نے ان اصولوں کو اپنی عملی زندگی میں پوری طرح اختیار فرمایا۔ اس طرح آپ کی زندگی ان اصولوں کے عملی اظہار کا مثالی نمونہ بن گئی۔ آپ کی یہ زندگی تاریخ میں پوری طرح محفوظ ہے ۔ اور اس کا مطالعہ کر کے آج بھی معلوم کیا جاسکتا ہے کہ اعلیٰ ترین کامیابی حاصل کرنے کاراز کیا ہے۔ اس دنیا میں کس طرح اپنے آپ کو کامیاب بنایا جا سکتا ہے۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader