حفاظت قرآن
Urdu book, p. 113
By Maulana Wahiduddin Khan
پڑیں گے۔ تمام صحابہ نے کہا ہاں آپ کی رائے سے ہم کو اتفاق ہے۔ قرآن کا یہ ایسا وصف ہے جس کا معاندین تک نے اعتراف کیا ہے۔ سرولیم میور لکھتے ہیں : " محمد کی وفات کے ربع صدی بعد ہی ایسے مناقشات اور فرقہ بندیاں ہو گئیں جس کے نتیجے میں عثمان قتل کر دیئے گئے ، اور یہ اختلافات آج بھی باقی ہیں۔ مگر ان سب فرقوں کا قرآن ایک ہی ہے ( ONE Kor'an has been current amongst them ) ہر زمانے میں یکساں طور پر سب فرقوں کا ایک ہی قرآن پڑھنا ، اس بات کا ناقابل تردید ثبوت ہے کہ آج ہمارے سامنے وہی مصحف ہے جو اس بد قسمت خلیفہ ( عثمان ) کے حکم سے تیار کیا گیا تھا ، شاید پوری دنیا میں کوئی دوسری ایسی کتاب نہیں ہے جس کی عبارت بارہ صدیوں تک اس طرح بغیر تبدیلی کے باقی ہو : There is probably in the world no other work which has remained twelve centuries with so pure a text. (The Life of Mohammad from Original Sources, Sir William Muir, Edinburgh, 1923, pp. xxii-xxiii) لین پول نے اس حقیقت کا اعتراف ان لفظوں میں کیا ہے : " قرآن کی بڑی خوبی یہ ہے کہ اس کی اصلیت میں کوئی شبہ نہیں۔ ہر حرف جو ہم آج پڑھتے ہیں۔ اس پر یہ اعتماد کر سکتے ہیں کہ تقریباً تیرہ صدیوں سے غیر مبدل رہا ہے " ( سلکشن فرام دی قرآن ، دیباچہ )

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader