Urdu book · عظمتِ قرآن

دورِ جدید میں قرآنی دعوت

Urdu book, p. 177

By Maulana Wahiduddin Khan

دورِ جدید میں قرآنی دعوت مسلمانوں کے اوپر اللہ تعالیٰ نے مختلف فریضے عائد کیے ہیں۔ اپنے آپ کو خدا کا عبادت گزار بنانے سے لے کر مسلمانوں کی اصلاح تک بہت سی ذمہ داریاں ہیں جن میں مسلمان بندھے ہوئے ہیں۔ انھیں میں سے ایک ذمہ داری وہ ہے جس کو اسلامی دعوت یا دعوت الی اللہ کہا جاتا ہے۔ اس کا مقصد غیر مسلم اقوام تک خدا کے سچے دین کا پیغام پہنچانا ہے۔ یہ مسلمانوں کی قومی جدوجہد کا عنوان نہیں بلکہ پیغمبر کی وراثت ہے جو ختم نبوت کے بعد مسلمانوں کے حصہ میں آئی ہے۔ امت مسلمہ کے لیے اللہ تعالیٰ نے دنیا و آخرت کی تمام بھلائیاں دعوت الی اللہ کے کام سے وابستہ کر دی ہیں، ایک طرف قرآن کے مطابق دعوت الی اللہ میں عصمت من الناس کا راز چھپا ہوا ہے (5:67)۔ دوسری طرف یہی وہ کام ہے جس کی ادائیگی کے نتیجے میں اہل ایمان آخرت میں خدا کی گواہی کے بلند مقام پر کھڑے کیے جائیں گے جس کو قرآن میں اصحابِ اعراف (7:46) کہا گیا ہے۔ یہ آخرت کا سب سے بڑا اعزاز ہے جو داعیان حق کو دیا جائے گا۔ تاہم دعوت الی اللہ کا کام کوئی سادہ یا آسان کام نہیں۔ یہ رسول اور اصحاب رسول کی تاریخ کو از سرِ نو دہرانا ہے۔ یہ خدا کے بندوں کے سامنے خدا کا نمائندہ بننا ہے۔ یہ دنیا میں خدا کی حمد اور کبریائی کا نغمہ چھیڑنا ہے۔ یہ غیبی حقیقت کو لوگوں کے لیے مشہود حقیقت بنانا ہے، جو کچھ اس سے پہلے پیغمبرانہ سطح پر ہوتا رہا ہے اس کو غیر پیغمبرانہ سطح پر انجام دینا ہے۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page