Urdu book · عظمتِ قرآن

کائنات کا آغاز

Urdu book, p. 64

By Maulana Wahiduddin Khan

اس کو ہدایت دینے والا خود اللہ تعالیٰ تھا۔ اس نے اپنے براہ راست کلام کے ذریعے پیغمبر پر وحی کی کہ اسے کن چیزوں کی تبلیغ کرنی ہے۔ اس نے وہ تمام دلائل فراہم کیے جو اس پیغام کو موثر بنانے کے لیے ضروری تھے۔ جب مخالفین کی طرف سے کوئی اعتراض اٹھا تو اس نے جواب دیا۔ جب اس دعوت کو قبول کرنے والوں میں کسی قسم کی کمزوری پیدا ہوئی تو اس نے فوراً اس کی اصلاح کی۔ اس نے جنگ و صلح کے احکام دیے اور تعلیم و تربیت کے قاعدے بتائے۔ اس نے شدائد کے وقت اپنے پیروؤں کو تسلی دی اور غلبہ کے وقت وہ قانونی احکام دیے جن کی بنیاد پر نئے معاشرہ کی تعمیر کرنی تھی۔ غرض یہ تحریک جس کی ابتداء اور انتہاء کے درمیان 23 سال کا فاصلہ ہے، اس کے تمام مراحل میں اللہ تعالیٰ ایک کلی رہنما کی حیثیت سے ہدایات و احکامات بھیجتا رہا، یہی احکامات و ہدایات بعد کو خود رہنما کے منشاء کے مطابق ایک خاص ترتیب سے جمع کر دیے گئے اور اسی مجموعہ کا نام قرآن ہے۔ وہ دعوتِ حق جو آخری نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے ذریعے عرب میں اٹھی اور جس کی رہنمائی خود اللہ تعالیٰ نے فرمائی، قرآن اس کا معتبر ترین ریکارڈ ہے۔ یہ ان خدائی ہدایات کا مجموعہ ہے جو اس تحریک کی رہنمائی کے لیے تقریباً ایک چوتھائی صدی کے درمیان مختلف اوقات میں بھیجے گئے تھے۔ مگر یہ قرآن صرف تاریخ نہیں ہے، وہ خدا کا مستقل فرمان ہے جو تاریخ کے سانچے میں ڈھال کر ہمیں دیا گیا ہے۔ وہ تاریخ ہے اس لیے کہ وہ ایک عملی نمونہ ہے، اور عملی نصیحت کے لیے مہیا کیا گیا ہے، وہ مستقل فرمان ہے اس لیے کہ مالک کائنات کے فیصلہ کے مطابق اسی کی بنیاد پر ہر دور کے انسان کی سعادت و شقاوت کا فیصلہ ہونے والا ہے۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page