Urdu book · عظمتِ قرآن

کائنات کا آغاز

Urdu book, p. 65

By Maulana Wahiduddin Khan

مگر اس خاص ترتیب کے باوجود قرآن اس قسم کے مجموعوں سے بالکل مختلف ہے، جیسے آج کل سیاسی لیڈروں کی تقریروں کے مجموعے چھپتے ہیں۔ یہ عالم الغیب کی ایک باکمال منصوبہ بندی ہے۔ قرآن کے مختلف اجزاء ایک طویل زمانے میں الگ الگ بھیجے گئے، مگر یہ مختلف ٹکڑے محض اتفاق کے طور پر وجود میں نہیں آگئے تھے، بلکہ وہ ایک مرتب اسکیم کے اجزاء تھے جو عملی ضرورت کے تحت مختلف اوقات میں مختلف ترتیب کے ساتھ نازل ہوئے۔ اسکیم کے اختتام پر جب انہیں مکمل کر کے جوڑ دیا گیا تو اب وہ ایک لاجواب وحدت بن گئے ہیں۔ مثال کے طور پر یوں سمجھیے کہ ہندوستان کے لیے ایک نو تعمیر کارخانہ کا سامان سمندر کے پار کسی ملک میں تیار کیا جاتا ہے، ظاہر ہے کہ یہ سامان وہاں کے مختلف کارخانوں میں الگ الگ بنے گا اور تمام سامان الگ الگ جہازوں میں بھر کر ہندوستان روانہ کر دیا جائے گا۔ بظاہر دیکھیے تو تیاری کے پورے مرحلے میں یہ کارخانہ متفرق اور نامکمل چیزوں کا ڈھیر معلوم ہوتا ہے مگر یہ سامان جو مختلف جہازوں پر لاد کر آیا ہے جب یہاں اسکے تمام حصوں کو جوڑ دیا جاتا ہے تو ایک پورا کارخانہ ہماری نظروں کے سامنے کھڑا ہو جاتا ہے۔ تقریباً یہی معاملہ قرآن کے ساتھ ہوا ہے۔ وہ مستقل اور مکمل دستور حیات ہے اس لیے وہ ایک وحدت ہے۔ وہ مخالف ماحول کا مقابلہ کر کے اس کو موافق بنانے کا پیغام ہے، اس لیے حالات و ضروریات کے تحت تھوڑا تھوڑا کر کے نازل کیا گیا ہے۔ تاریخی اعتبار سے وہ متفرق احکام کا مجموعہ ہے مگر خدائے عزیز و حکیم کی منصوبہ بندی نے اس کو ایک نہایت مرتب اور مکمل وحدت بنا دیا ہے۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page