Urdu book · عظمتِ قرآن

کائنات کا آغاز

Urdu book, p. 74

By Maulana Wahiduddin Khan

نوجوان اپنے اس مطالعہ کے ذریعہ سے ممکن ہے ملازمت کی درخواست بھیجنے کے لیے کچھ پتہ حاصل کرلے مگر وہ دنیا کی سیاست سے بالکل بے خبر رہے گا اور اخبار بینی کے اصل مقصد کو حاصل نہ کر سکے گا۔ متاثرہ ذہن کے ساتھ قرآن کا مطالعہ کرنے کی مختلف صورتیں ہیں، جن میں سب سے زیادہ خطرناک صورت وہ ہے، جب کہ آدمی سمجھ رہا ہو کہ وہ اسلام ہی کے لیے قرآن کا مطالعہ کرنے جارہا ہے۔ حالانکہ واقعتاً ایسا نہ ہو۔ فرض کیجیے کہ آپ ایک ایسی تحریک سے متاثر ہوتے ہیں جو اسلام اور مسلمانوں کی خدمت کے لیے اٹھی ہے مگر وہ صحیح اسلامی تحریک نہیں ہے (مثال کے طور پر خاکسار تحریک)۔ اس کا انداز اور اس کی روح اسلام کے انداز اور اس کی روح سے مختلف ہے۔ وہ لوگوں کو اسلام کے نام پر بلاتی ہے، اور اپنی دعوت کی تشریح کے لیے اسلامی الفاظ اور اصطلاحات استعمال کرتی ہے، مگر اس کی حرکت ٹھیک اس سمت میں نہیں ہے جو کہ دراصل اسلام کی ہے۔ اس مثال میں حقیقی صورتِ حال یہ ہے کہ جس تحریک نے آپ کو متاثر کیا ہے وہ صحیح اسلامی تحریک نہیں ہے مگر آپ کے ذہن میں جو تصور قائم ہوا ہے وہ یہ کہ یہی صحیح ترین اسلامی تحریک ہے اور اس کی خدمت کرنا اسلام کی خدمت کرنا ہے۔ اس تحریک نے آپ کی فکری قوتوں کو اپنے انداز کے مطابق موڑ دیا ہے۔ اب ایک ایسا ذہن لے کر جب آپ قرآن کا مطالعہ شروع کریں گے تو بظاہر آپ یہ سمجھیں گے کہ آپ قرآن کو حاصل کرنے جارہے ہیں مگر جو واقعہ ہے وہ یہ کہ آپ قرآن کے لفظوں میں اپنی بات کی تصدیق کرنا چاہتے ہیں۔ اس طرح مطالعہ کرنے کا لازمی نتیجہ یہ ہوگا کہ قرآن کی بہت سی چیزیں آپ کو بے کار معلوم ہوں

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page