Urdu book · دینِ انسانیت

بین اقوامی رواج

Urdu book, p. 123

By Maulana Wahiduddin Khan

بین اقوامی رواج رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے آخری زمانہ میں عرب کے دو آدمیوں نے نبوت کا دعویٰ کیا تھا۔ ایک یمامہ کا مسیلمہ بن حبیب، اور دوسرا صنعاء کا اسود بن کعب عنسی۔ مسیلمہ نے 10 ھ میں ایک خط رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس بھیجا۔ اس خط کا مضمون یہ تھا: اللہ کے رسول مسیلمہ کی جانب سے اللہ کے رسول محمد کے نام، سلام علیک، اما بعد، بے شک میں نبوت کے معاملہ میں آپ کے ساتھ شریک کیا گیا ہوں، اس لیے نصف زمین ہمارے لیے اور نصف زمین قریش کے لیے۔ مسیلمہ کی طرف سے دو قاصد اس کا یہ خط لے کر مدینہ آئے۔ ان کا نام ابن النواحہ اور ابن أثال تھا۔ اس کے بعد روایت میں آتا ہے: قال سمعت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم حين جاءه رسولا مسيلمة الكذاب بكتابه يقول لهما: وانتما تقولان مثل ما يقول ۔ قالا نعم۔ فقال اما والله لولا أن الرسل لا تُقتل لضربتُ اعناقكما۔ قال: سَمِعتُ رسولَ اللهِ صلی الله عليه وسلم حينَ جاءه رسولا مُسَيلَمَةَ الكذّابِ بِكتابه، ورسولُ اللهِ صلی الله عليه وسلم يقولُ لُهُما: ”وأنتُما تَقولانِ مِثلَما يقولُ “ فقالا: نَعَم. فقال: أما واللهِ لولا أن الرُّسُلَ لا تُقتَلُ لَضَرَبْتُ أعناقَكُما (البداية والنهاية، جلد 5، صفحہ نمبر 52-51)۔ یعنی، راوی کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ کہتے ہوئے سنا جب کہ مسیلمہ کذاب کے دونوں قاصد اس کا خط لے کر آئے، کیا تم دونوں بھی وہی کہتے ہو جو وہ کہتا ہے ۔ دونوں نے کہا کہ ہاں۔ آپ نے فرمایا کہ خدا کی قسم، اگر یہ بات نہ ہوتی کہ قاصدوں کو قتل نہیں کیا جاتا تو میں تم دونوں کی گردنیں کٹوا دیتا۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page