Urdu book · دینِ انسانیت

دینِ انسانیت

Urdu book, p. 317

By Maulana Wahiduddin Khan

دوسرے سے پھٹے ہوئے ہوں گے ۔ باہمی خیر خواہی کا ماحول وہاں باقی نہیں رہے گا۔ حقیقت یہ ہے کہ خود اپنی ذات کی نجات کے لیے بھی ضروری ہے کہ آپ کی زبان غیبت اور شکایت اور برائی جیسے تذکروں سے پاک ہو۔ جو انسان مردار گوشت کو اپنی غذا بنائے اس کا جسم فاسد جسم بن جائے گا۔ اسی طرح جو عورت یا مرد اپنی زبان کو بار بار غیبت سے آلودہ کریں ان کے اندر گندی شخصیت پرورش پائے گی۔ ان کا وجود انسانی خوشبو سے محروم ہو کر رہ جائے گا۔ ہاجرہؓ—ام اسماعیلؑ زندگی کے نظام میں عورت کی حیثیت بظاہر نصف حصہ کی ہے۔ مگر عملی اعتبار سے عورت کلیدی کردار کی حامل ہے۔ اسی لیے کہا گیا ہے کہ ہر بڑے آغاز کے پیچھے ایک عورت ہوتی ہے: There is a woman at the beginning of all great Things. قدیم تاریخ میں اس کی ایک شاندار مثال وہ خاتون ہیں جن کو ہاجرہ (Hagar) کہا جاتا ہے۔ ان کا زمانہ بیسویں صدی قبل مسیح ہے۔ ان کی غیر معمولی قربانی سے عرب کے صحرا میں ایک اعلیٰ درجہ کی نسل تیار ہوئی۔ اس نسل نے پیغمبرِ اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی قیادت کو قبول کر کے وہ جدوجہد کی جس کے نتیجہ میں تاریخ کا عظیم ترین انقلاب برپا ہوا۔ حج کے ارکان میں سے ایک رکن وہ ہے جس کو صفا اور مروہ کے درمیان سعی کہا جاتا ہے۔ یہ دو پہاڑیاں ہیں جن کے درمیان تقریباً 395 میٹر کا فاصلہ ہے۔ اس کے علاوہ ہر روز دنیا بھر سے عمرہ کرنے والے عمرہ کرنے کے لیے مکہ پہنچتے ہیں اور وہ بھی طواف کعبہ کے بعد صفا ومروہ کے درمیان سعی کرتے ہیں۔ اس طرح صفا و مروہ کے درمیان سعی کا یہ سلسلہ سارے سال جاری رہتا ہے۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page