Urdu book · دینِ انسانیت

حضرت خدیجہ

Urdu book, p. 320

By Maulana Wahiduddin Khan

حضرت خدیجہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجموعی طور پر گیارہ خواتین سے نکاح کیا۔ ان کو امہات المومنین کہا جاتا ہے۔ آپ کی پہلی اہلیہ حضرت خدیجہ بنت خویلدؓ تھیں ۔ حضرت خدیجہ آپ کی پہلی بیوی بھی ہیں اور اسی کے ساتھ پہلی مسلمان بھی۔ حضرت خدیجہ ایک مالدار خاتون تھیں ۔ وہ مکہ میں بیوہ کی حیثیت سے زندگی گزار رہی تھیں ۔ اسی اثناء میں انہوں نے آنحضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنا مال تجارت دے کر شام بھیجا۔ یہ معاملہ قدیم رواج کے مطابق کچھ معاوضہ کی بنیاد پر ہوا تھا۔ آپ سفر سے واپس آئے تو آپ نے دوسروں سے زیادہ نفع کا حساب دیا۔ حضرت خدیجہ نہایت شریف خاتون تھیں ، ان کے اندر اعتراف کا غیر معمولی مادہ تھا، چنانچہ وہ دوسروں کو ایک اونٹ معاوضہ دیتی تھیں اور آپ کو انہوں نے دو اونٹ معاوضہ میں پیش کیا۔ اس تجربہ کے بعد وہ آنحضرتؐ کی طرف راغب ہوگئیں۔ انہوں نے مکہ کی ایک بوڑھی خاتون کے ذریعہ آپ کے پاس نکاح کا پیغام بھیجا۔ اس وقت آپ کے چچا ابو طالب آپ کے سر پرست تھے، آپ نے ان سے مشورہ کے بعد اس پیغام کو قبول کر لیا۔ ابو طالب نے خاندانی افراد کی موجودگی میں آپ کا نکاح خدیجہ سے کر دیا۔ نکاح کے وقت خدیجہ کی عمر چالیس سال اور آپ کی عمر 25 سال تھی۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی عمر چالیس سال ہوئی تو غار حراء میں فرشتہ جبریل آئے اور پہلی وحی آپ تک پہنچائی اور بتایا کہ آپ کو اللہ نے اپنا رسول مقرر فرمایا ہے۔ واپس آ کر آپ نے اپنے اس تجربہ کو سب سے پہلے حضرت خدیجہ سے بیان فرمایا۔ حضرت خدیجہ بے حد ذہین اور نہایت نیک بخت خاتون تھیں ۔ ان کی سوچ میں کسی قسم کی کوئی کجی نہ تھی۔ انہوں نے فوراً آپ کے بیان کی تصدیق کی۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page