Urdu book · دین کامل

سنت رسول

Urdu book, p. 108

By Maulana Wahiduddin Khan

یہ زبردست بھول ہے جس میں موجودہ زمانہ کے مسلمان مبتلا ہیں انہوں نے غیر سیرت کو سیرت اور غیرسنت کوسنت سمجھ رکھا ہے ۔ رسول اللہ کو رسول اللہ ماننے کا واحد مطلب یہ ہے کہ آپ کو تابل اتباع اور آپ کی زندگی کو نمونہ سمجھا جائے ۔ الفاظ کے میدان میں جوش وخروش دکھانے سے رسول اللہ پر ایمان کا حق ادا نہیں ہوتا ۔ ایک روایت حدیث کی مختلف کتابوں میں الفاظ کے تھوڑے تھوڑے فرق کے ساتھ آئی ہے ۔ اس کا ایک حصہ یہ ہے : استَبّ رَجُلٌ من المسلمين ورجل من اليهود - فقال المسلم - والذي اصطفیٰ محمدًا على العالمين فقال اليهودىّ والذى اصطفیٰ موسیٰ علیٰ العالمين - ورفع المسلم عند ذالك يَده فلطم اليهودىّ - فذهب اليهوديّ الى رسول الله صلى الله عليه وسلم فاخبره الذي كان من امره وامر المسلم - فَغَضِبَ النبیّ صلى الله عليه وسلم حتّى رُئِيَ فى وجهه ثم قال: لا تُفضّلُوا بين انبياء الله - ( جامع الاصول ، جلد ۸ ، صفحہ ۱۴ - ۵۱۳ ) مسلمانوں میں سے ایک شخص اور یہودیوں میں سے ایک شخص (مدینہ میں) آپس میں جھگڑ گئے ۔ مسلمان نے کہا کہ اس ذات کی قسم جس نے محمد کو تمام دنیا والوں پر برگزیدہ کیا۔ یہودی نے کہا اس ذات کی قسم جس نے موسیٰ کو تمام دنیا والوں پر برگزیدہ کیا۔ اس وقت مسلمان نے اپنا ہاتھ اٹھایا اور یہودی کے چہرہ پر مارا۔ وہ یہودی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس گیا اور اس معاملہ کو آپ سے بتایا جو اس کے اور مسلمان کے درمیان پیش آیا تھا۔ یہ سن کر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم غضب ناک ہو گیے یہاں تک کہ غصہ آپ کے چہرے پر ظاہر ہوگیا پھر آپ نے فرمایا کہ اللہ کے رسولوں کو ایک دوسرے سے افضل نہ ٹھہراؤ۔ کسی رسول کا جو مرتبہ ومقام ہے اس کا تعلق اللہ سے ہے ۔ اس کا تعلق ہم سے نہیں ۔ ہمارے ذمہ جو کام ہے وہ یہ نہیں ہے کہ ہم ایک رسول کی افضلیت دوسرے رسولوں پر ثابت کریں اور پھر اس پر دوسروں کے درمیان فخر کریں ۔ ہماری ذمہ داری صرف یہ ہے کہ ہم وہ کریں جو رسول نے کیا ۔ ہم رسول کو اپنی زندگی کے تمام معاملات کے لیے نمونہ بنالیں ۔ اللہ کے یہاں ہم کو جو انعام ملے گا وہ رسول کی پیروی کی بنیاد پر ملے گا نہ کہ اس بنیاد پر کہ ہم نے رسول کی عظمت پرست شاندار تقریریں کی تھیں اور اس کو اپنے قومی فخر کا عنوان بنایا تھا ۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page