Urdu book · دین کامل

اخلاق

Urdu book, p. 47

By Maulana Wahiduddin Khan

قابل اعتماد اخلاق ایک انجینئر جب لوہے کا پل بناتا ہے تو اس کو یقین ہوتا ہے کہ لوہا اُس بوجھ کو بھر پور طور پر سنبھالے گا جس کو سنبھالنے کے لیے پل بنایا گیا ہے۔ انجینئر کو اگر لوہے کی اس خصوصیت پر یقین نہ ہو تو وہ کبھی لوہے کا پل بنانے کی ہمت نہ کرے۔ اسی طرح تمام مادی چیزوں میں کچھ متعین خواص (Properties) ہیں۔ یہ خواص اتنے یقینی ہیں کہ نہایت صحت کے ساتھ ان کی پیشین گوئی کی جا سکتی ہے۔ مادے کے خواص کی اسی قطعیت کی بنا پر تمدن کا سارا نظام چل رہا ہے۔ اگر مادی چیزیں اپنے خواص کو کھو دیں تو انسانی تمدن کا سارا نظام درہم برہم ہو جائے گا۔ مادے کے لیے خواص کی جو حیثیت ہے وہی حیثیت انسانی زندگی کے لیے اخلاق کی ہے۔ اخلاق کی مضبوطی ہی وہ واحد چیز ہے جس پر سماجی زندگی کا نظام کھڑا ہوتا ہے۔ اگر لوگوں کے اندر اخلاقی مضبوطی باقی نہ رہے تو کبھی انسانی زندگی کی ٹھوس تعمیر ممکن نہ ہو۔ بہتر سماجی زندگی کے لیے ضروری ہے کہ اس کے افراد قابل پیشین گوئی کردار کے حامل ہوں۔ ایک شخص سے معاملہ کرتے ہوئے یہ یقین کیا جاسکے کہ وہ جو کہے گا اس کو وہ ضرور پورا کرے گا۔ ایک شخص کے سامنے ایک ثابت شدہ حق کو پیش کیا جائے تو ہمیں اس پوزیشن میں ہونا چاہیے کہ ہم پیشگی طور پر یہ یقین کر سکیں کہ وہ اس کو ضرور قبول کرے گا۔ ایک شخص سے شکایت اور اختلاف ہو جائے تو یہ فضا ہونی چاہیے کہ ہم یہ یقینی اندازہ کر سکیں کہ وہ انصاف سے ہٹ کر کوئی کارروائی نہیں کرے گا۔ ایسے سماج کا انسان گویا لوہا انسان (لوہ پرش) ہے۔ وہ حدیدی کردار کا حامل ہے۔ اس سے از روئے حق جو امید کی جاتی ہے وہ اس میں پورا اترتا ہے۔ جس سماج کے افراد ایسے ہوں اس سماج کی ترقی کو کوئی چیز روک نہیں سکتی۔ جس سماج کی حالت اس کے خلاف ہو جائے وہ ایک بر باد سماج ہے۔ جہاں افراد کا حال یہ ہو کہ وہ اپنے وعدوں پر پورے نہ اتریں ۔ ان کے سامنے حق آئے مگر وہ اس کو قبول نہ کریں ان کو کسی سے شکایت ہو جائے تو وہ اس کے خلاف ہر کارروائی کرنے کے لیے تیار ہو جائیں خواہ وہ کتنی ہی زیادہ انصاف اور انسانیت کے خلاف کیوں نہ ہو۔ جس سماج کی اخلاقی حالت ایسی ہو جائے وہ اُس دنیا کی مانند ہے جہاں لوہے نے اپنا لوہا پن کھو دیا ، جہاں پتھر پتھر نہ رہا ، بلکہ وہ دیمک زدہ لکڑی کی طرح بے جان ہو گیا ۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page