دین کامل
Urdu book, p. 95
By Maulana Wahiduddin Khan
ہے (۳۰ : ۳۰) اب ایک طرف یہ حقیقت ہے کہ تمام انسان پیدائشی طور پر خدائی مذہب کے طالب ہیں ۔ دوسری طرف یہ حقیقت ہے کہ دوسرے پیغمبروں کے ذریعہ جو خدائی ہدایت نامہ بھیجا گیا وہ سب کا سب محرف ہو چکا ہے اور اب آسمان کے نیچے صرف اسلام ہی وہ واحد خدائی ہدایت نامہ ہے جو اپنی اصلی اور ابتدائی شکل میں کامل طور پر محفوظ ہے ۔ اس طرح تمام طالبان مذہب کے لیے ، اور ہر شخص پیدائشی طور پر طالب مذہب ہے ، اس کے سوا کوئی Choice باقی نہیں رہا ہے کہ وہ اپنی فطری طلب کی تکمیل کے لیے اسلام کو اختیار کرے ۔ موجودہ دنیا میں کامیابی کی سب سے یقینی بنیاد Monopoly ہے ۔ اور مذہب اور آسمانی کتاب کے معاملہ میں اسلام کو یہی Monopoly حاصل ہے ۔ یہ اسلامی دعوت کا ایک ایسا ایڈوانٹج ہے جو کسی بھی دوسرے مذہب کو حاصل نہیں ۔ تاریخی مسلمہ ڈاکٹرنشی کانت چٹو پادھیای حیدر آباد ( ہندوستان ) کے ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ ہندو تھے ۔ انھوں نے ۱۹۰۴ میں اسلام قبول کر لیا اور اپنا نیا نام محمد عزیز الدین رکھا ۔ انھوں نے ۲۶ اگست ۱۹۰۴ کو حیدر آباد میں ایک لکچر دیا تھا جس کا عنوان تھا : Why Have I Accepted Islam ڈاکٹرنشی کانت چٹو پادھیای کئی ملکی اور انٹرنیشنل زبانیں جانتے تھے ۔ انھوں نے اپنے لکچر میں بتایا کہ وہ ہندو ازم کے ماحول میں پیدا ہوئے ، مگر انھیں بچپن ہی سے اس مشرکانہ مذہب پر اطمینان نہ تھا۔ تعلیم کے حصول کے بعد انھوں نے سچے مذہب (True faith) کی تلاش شروع کی ۔ انھوں نے تمام معروف مذاہب کا گہرا مطالعہ کیا ۔ اس سلسلہ میں انھوں نے دنیا کے مختلف ملکوں کے طویل دورے بھی کیے ۔ مگر ان کا علمی ذہن ہر مذہب اور فلسفہ کو رد کرتا رہا ۔ یہاں تک کہ وہ اسلام تک پہنچے ۔ اسلام انھیں علمی معیار کے مطابق نظر آیا ۔ چنانچہ انھوں نے اس کو قبول کر لیا ۔ ڈاکٹرنشی کانت چٹو پادھیای کو اسلام کے جن پہلوؤں نے خاص طور پر متاثر کیا ، ان میں سے ایک یہ تھا کہ یہ مکمل طور پر ایک تاریخی مذہب ہے۔ اس کی ہر بات تاریخی طور پر معلوم اور مسلم ہے ۔ وہ کہتے ہیں :

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader