Urdu book · ڈائری

ڈائری

Urdu book, p. 158

By Maulana Wahiduddin Khan

”سنت“ ایک ایسی چیز ہے جس پر دین کی بنیاد قائم ہے۔ بظاہر اس میں اختلاف نہیں ہونا چاہئیے تھا۔ مگر فنی موشکافیوں نے اس میں بھی اختلاف پیدا کر دیا۔ مثلاً ایک سوال یہ قائم کیا گیا کہ سنت کیا ہے۔ کچھ لوگوں نے کہا کہ سنت سے مراد صرف سنت رسول ہے۔ دوسرے لوگوں نے کہا کہ سنت میں سنت صحابہ بھی شامل ہے ــــ اس سے مراد دین میں چلا ہوا طریقہ ہے، خواہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اس پر چلے ہوں یا آپ کے اصحاب اس پر چلے ہوں۔ امام شافعی نے کہا کہ نہیں، سنت صرف رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا طریقہ ہے، چاہے وہ آپ کا قول ہو یا آپ کا فعل ہو۔ یہ اس لیے کہ امام شافعی تقلید صحابی کے قائل نہیں ہیں ؟ ( السنة الطريقة المسلوكة في الدين) المسلوكة في الدين سواء سلكها النبي صلى الله عليه او اصحابه. وقال الشافعي السنة هي طريقة النبي صلى الله عليه وسلم عن قوله او فعله فقط. لانه لايرى تقليد الصحابي. اوپر کی عبارت میں بریکٹ والا فقره علامه حسام الدین (م ۷۵۴ھ) کی کتاب حسامی کا ہے۔ اور اس کے بعد کی تشریحی عبارت مولانا نظام الدین کیرانوی کی کتاب نظامی شرح حسامی سے ماخوذ ہے۔ یکم اکتوبر ۱۹۸۳ دہلی کے ایک انگریزی اخبار میں ہر ہفتہ ایک کالم ہوتا ہے جس کا عنوان ہوتا ہے ـــــ آخری ہفتہ پاکستان میں (Last week in Pakistan) اس کالم میں اس کے کالم نگار نے لکھا ہے کہ پاکستان کی حکومت نے اسلام کے نام پر کئی احکام جاری کئے مگر عملاً وہ چل نہ سکے۔ اس سلسلہ میں وہ لکھتے ہیں کہ پاکستان کے حکمراں یہ سوچ رہے ہیں کہ دفتروں میں سگریٹ نوشی کو بند کر دیا جائے ۔ اس کے بعد یہ الفاظ ہیں : This scheme will also probably end in smoke. یہ اسکیم بھی غالباً دھوئیں میں اُڑ جائے گی (ہندوستان ٹائمس ۱۱ فروری ۱۹۸۳) موجودہ زمانہ کے مسلم لیڈروں نے اسلام کی کوئی واقعی خدمت تو نہیں کی البتہ اس کو دنیا والوں کے لئے مذاق کا موضوع بنا دیا۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page