Urdu book · ڈائری

ڈائری

Urdu book, p. 159

By Maulana Wahiduddin Khan

یہ واقعہ جولائی ۱۹۸۳ کا ہے۔ پھاٹک حبش خاں (دہلی) کی ایک مسجد کے ذمہ داروں کو خیال آیا کہ مسجد کی توسیع کریں۔ انہوں نے مسجد سے متصل زمین کو ملا کر تین منزلہ تعمیر کا نقشہ بنایا۔ سابقہ تعمیر کے اوپر دیواریں کھڑی کر کے اس کے اوپر بیم بنائی گئی اور ابتدائی مسجد کے اوپر پہلی اور دوسری منزل تعمیر کر دی گئی۔ یہ سب کچھ اتنی تیزی سے کیا گیا کہ ایک مہینے کے اندر پوری عمارت کھڑی ہوئی تھی۔ مگر اس کے بعد ایک حادثہ ہوا۔ جس بیم پر اوپر کی منزل کھڑی ہوئی تھی وہ ٹوٹ گئی اور اس کے بعد ساری عمارت دھڑام سے گر پڑی۔ اس کے گرنے سے قدیم مسجد بھی ڈھہ پڑی۔ یہ مزید تعمیر تقریباً ڈیڑھ لاکھ روپیہ میں تعمیر کرائی گئی تھی۔ اب اندازہ ہے کہ اس کو بنانے کے لئے دوبارہ تین لاکھ کی رقم درکار ہوگی۔ شکستہ عمارت کا صرف ملبہ اٹھانے میں ہزاروں روپے خرچ ہو جائیں گے۔ اس حادثہ کی وجہ کیا تھی۔ اس کی وجہ "عجلت" تھی۔ بیم کا یہ قاعدہ ہے کہ اس کو بنانے کے بعد سوکھنے کے لئے معقول مدت تک چھوڑ دیا جاتا ہے۔ مثلاً ۲۲ اپریل کی بیم ہے تو ۲۲ دن اس کو سوکھنے کے لئے چاہئے۔ مگر یہاں یہ ہوا کہ بیم بناتے ہی فوراً اس کے اوپر اگلی منزلیں تعمیر کر دی گئیں۔ اس کو سوکھنے اور پختہ ہونے کا وقت نہیں دیا گیا ۔۔۔ اس مثال کے آئینہ میں موجودہ زمانہ کے مسلمانوں کی نئی تعمیر کے معاملہ کو دیکھا جا سکتا ہے۔ ۳ اکتوبر ۱۹۸۳ مولانا حمید الدین فراہی (۱۹۳۰- ۱۸۶۳) کچھ دنوں تک علی گڑھ کالج میں فارسی کے استاد رہے ہیں۔ یہ سر سید احمد خاں (۱۸۹۸ء۔ ۱۸۱۷) کا زمانہ تھا۔ سرسید نے متجددانہ انداز میں قرآن کی تفسیر اردو زبان میں لکھی تھی۔ انھوں نے بالواسطہ طور پر اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ مولانا فراہی ان کی اردو تفسیر کا عربی زبان میں ترجمہ کر دیں۔ مولانا فراہی نے جواب دیا کہ "میں اس معصیت کے کام میں شریک ہوں، مجھ سے اس بات کی کسی توقع نہیں رکھنی چاہئے"۔ مولانا فراہی نے سرسید کی متجددانہ تفسیر کا ترجمہ کرنے کو معصیت سمجھا تھا۔ مگر عجیب بات ہے کہ خود مولانا حمید الدین فراہی نے سورۃ الفیل کی جو تفسیر لکھی ہے وہ عین اسی قسم کی متجددانہ تفسیر ہے جس کے لئے سرسید بدنام ہیں اور جس کی وجہ سے مولانا فراہی نے ان کی تفسیر کا ترجمہ کرنے کو معصیت سمجھا تھا۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page