ڈائری
Urdu book, p. 291
By Maulana Wahiduddin Khan
میں پڑھاتھا۔ لینن گراڈ کے دورہ میں وہ ایک فیکٹری دیکھیں گے، اور ایک روسی مزدور سے کارخانہ کے حالات پوچھے ۔ مزدور نے فوراً کارخانہ کی تعریف شروع کر دی۔ اس نے کہا کہ یہاں کسی چیز کی کمی نہیں ہے۔ پیداوار روز بروز ترقی کر رہی ہے ۔ وغیرہ وغیرہ۔ ”تم کس کو دھوکا دینے کی کوشش کر رہے ہو۔“ خروشیچوف نے بگڑ کر مزدور سے کہا ”تم جانتے نہیں کہ میں کون ہوں۔ میں سوویت روس کا وزیرِ اعظم خروشیچوف ہوں ۔ “ مزدور فوراً بولا ، معاف کیجیے گا، میں سمجھا تھا کہ آپ کوئی غیر ملکی سفیر ہیں۔“ ۲۴ جون ۱۹۸۴ ایک نوجوان تشریف لائے ۔ انہوں نے اسی سال دار العلوم دیوبند سے فراغت حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں مصنف بننا چاہتا ہوں۔ مجھے بتائیے کہ میں کس طرح مصنف بنوں۔ یہ بات انہوں نے لمبی تمہیدی گفتگو کے بعد کہی۔ میں نے کہا کہ اگر آپ اس لئے میرے پاس آئے ہیں تو آپ نے اپنا وقت بھی ضائع کیا اور میرا وقت بھی ضائع کیا۔ میں نے کہا کہ مصنف کبھی مشورہ سے نہیں بنتا۔ مصنف کوئی شخص صرف اپنے عمل سے بنتا ہے۔ اگر آپ مصنف بننا چاہتے ہیں تو آپ کو کسی سے مشورہ لینے کی ضرورت نہیں۔ آپ عربی اور انگریزی دونوں زبانوں میں مہارت پیدا کیجیے اور دونوں زبانوں کا ضروری لٹریچر پڑھ ڈالیے ۔ اور پھر دس سال تک لکھنے کی مشق کیجیے ۔ اس کے بعد آپ خود بخود مصنف بن جائیں گے۔ میں نے کہا کہ مصنف دو قسم کے ہوتے ہیں، ایک وہ جو خود ہی لکھتے ہیں اور خود ہی پڑھتے ہیں۔ اور دوسرے وہ جن کی لکھی ہوئی چیز کو ساری دنیا پڑھتی ہے۔ پہلی قسم کا مصنف بننے کے لئے آپ کو کسی سے پوچھنے کی ضرورت نہیں۔ اس قسم کے مصنف آپ ابھی اور اسی وقت ہیں لیکن اگر آپ دوسری قسم کا مصنف بننا چاہتے ہیں تو آپ کو غیر معمولی جدوجہد کرنی پڑے گی ۔ حتیٰ کہ از سر نو آپ کو دوسرا جنم لینا پڑے گا۔ میں نے کہا کہ یاد رکھیئے ، لکھنا سب سے زیادہ مشکل آرٹ ہے۔ اس سے زیادہ مشکل آرٹ دنیا میں اور کوئی نہیں۔ مگر نادان لوگ اس سب سے زیادہ مشکل آرٹ کو سب سے زیادہ آسان آرٹ سمجھ لیتے ہیں۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader