ڈائری
Urdu book, p. 296
By Maulana Wahiduddin Khan
مولانا شبیر احمد عثمانی نے ذی الحجہ ۱۳۵۰ ھ میں اپنی تفسیر قرآن مکمل کی تو اس کے آخر میں انھوں نے لکھا: ”الہی! تو اس کے نیک ثمرات سے دارین میں مجھ کو تمتع فرما۔“ مولانا ابوالاعلیٰ مودودی نے ربیع الثانی ۱۳۹۲ھ میں اپنی تفسیر تفہیم القرآن مکمل کی تو اس کے آخر میں لکھا: ”میں اللہ کے کرم سے امید رکھتا ہوں کہ وہ .... اس کو میری مغفرت کا ذریعہ بنائے گا۔“ مولانا امین احسن اصلاحی نے رمضان ۱۴۰۰ ھ میں اپنی تفسیر تدبر قرآن مکمل کی تو اس کے آخر میں لکھا: رب کریم ، اس ناچیز خدمت کو اپنے اس غلام کی نجات کا ذریعہ بنائیے۔“ اکثر مصنفین نے اپنی تصنیفات کے بارہ میں اس طرح کی باتیں لکھی ہیں۔ مگر مجھ کو اپنے ایمانی ذوق کے اعتبار سے یہ بات پسند نہیں آتی۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور صحابہ کرام کے بارہ میں اب تک مجھے ایسا کوئی ثبوت نہیں ملا کہ وہ اپنے کسی عمل کے بارہ میں یہ کہتے ہوں کہ خدایا، تو میرے اس عمل کے ذریعہ مجھے جنت میں پہنچا دے۔ وہ لوگ اپنی دعاؤں میں ہمیشہ اپنے عجز کا اظہار کرتے تھے نہ کہ اپنے عمل کا۔ میں سمجھتا ہوں کہ یہ بعد کے دور کی بات ہے۔ جب لوگوں کا ایمانی احساس کمزور ہو گیا تو لوگ اس طرح کی باتیں کرنے لگے۔ اگر یہ کوئی صحیح اور اسلامی بات ہوتی تو ہم کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور حضرت ابو بکر اور حضرت عمر اور دوسرے صحابہ کے یہاں اس قسم کی دعائیں ملنی چاہئے۔ مگر ایسی دعا کسی کے یہاں نہیں ملتی۔ مجھ کو تو ایسے الفاظ خدا کی خدائی کا کم تر اندازہ معلوم ہوتے ہیں۔ ۳ جولائی ۱۹۸۴ء ڈاکٹر اسرار احمد صاحب (لاہور) نے اپریل ۱۹۸۳ء میں حیدر آباد (ہندوستان) کا دورہ کیا۔ اس کی مفصل رو داد ماہنامہ میثاق (لاہور) جون ۱۹۸۲ء میں شائع ہوئی ہے۔ اس موقع پر حیدر آباد میں ڈاکٹر صاحب کی بہت سی تقریریں ہوئیں۔ ان میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔ انھوں نے اسلام کے مختلف پہلوؤں کی وضاحت کی۔ رپورٹ کے مطابق ایک اجتماع میں ”قتال فی سبیل اللہ کا بیان بھی بھر پور انداز میں ہوا“ صفحہ ۷۶ ۔ ۷۵،

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader