ڈائری
Urdu book, p. 297
By Maulana Wahiduddin Khan
قیام حیدر آباد کے آخر کی ایک تقریر کے بارے میں رپورٹ کا ایک حصہ یہ ہے : " دوران درس منتظمین میں سے ایک صاحب نے ڈاکٹر صاحب کو چٹ بھیجی کہ لوگوں سے قریب قریب ہونے کی درخواست کی جائے۔ اس لئے کہ سامعین کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ ڈاکٹر صاحب نے اس کام کے لئے دو تین منٹ کا وقفہ بھی دیا۔ لوگ قریب ہونے میں سستی کا مظاہرہ کر رہے تھے۔ اس پر ڈاکٹر صاحب نے برجستہ کہا: حضرت داغ جہاں بیٹھ گئے بیٹھ گئے۔ میرے قریب حضرت داغ سے ملتے جلتے پرانے زمانے کے ایک بزرگ بیٹھے تھے۔ ان کے آگے خالی جگہ موجود تھی۔ لیکن وہ شت سے مس نہیں ہو رہے تھے۔ میں نے ان سے عرض کیا کہ حضور ، ڈاکٹر صاحب یہ آپ ہی کے بارے میں ارشاد فرما رہے ہیں۔ انھوں نے خاص نظروں سے راقم کی جانب دیکھا اور سامنے موجود خالی جگہ پر کرلی۔" میثاق ، جون ۱۹۸۲ ، صفحہ ۸۱ مسلمانوں کے مقرر اور خطیب رہنما جلسوں میں مسلم عوام کی بھیڑ دیکھ کر اکثر اس خوش فہمی میں مبتلا ہو جاتے ہیں کہ ان کی تقریروں نے مسلمانوں کے اندر ایک انقلاب برپا کر دیا ہے۔ مگر معمولی سا تجربہ بھی اس تخیل کو غلط ثابت کر دیتا ہے ، خواہ وہ شاندار طور پر کامیاب ہونے والے جلسے میں نظم اور سلیقہ کے ساتھ بیٹھنے کی درخواست ہی کیوں نہ ہو۔ ۴ جولائی ۱۹۸۴ آجکل کے انسان کا معاملہ عجیب ہے۔ ایک شخص مجھ سے ملنے آئے گا اور آدھ گھنٹہ تک اپنی بات کہتا رہے گا۔ میں پورے صبر کے ساتھ اس کی بات کو سنوں گا۔ مگر آدھ گھنٹہ تک اس کی بات سننے کے بعد جب میں اپنی بات کہنا چاہوں گا تو وہ پانچ منٹ تک بھی توجہ کے ساتھ میری بات نہیں سنے گا اور بیچ میں بول پڑے گا۔ کیسے عجیب ہیں وہ لوگ جو نہ دوسرے کو جانتے اور نہ اپنے آپ کو۔ اس کے باوجود وہ اس یقین سے سرشار ہیں کہ ان کو جو کچھ جاننا تھا وہ سب انھوں نے جان لیا۔ اب مزید انھیں کچھ جاننے کی ضرورت نہیں۔ لوگ اپنے جاننے کو جانتے ہیں، کاش انھیں معلوم ہوتا کہ اس سے زیادہ ضروری یہ ہے کہ وہ اپنے نہ جاننے کو نہ جانیں ، وہ اپنی بے خبری کے بارے میں واقفیت حاصل کریں۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader