ڈائری
Urdu book, p. 300
By Maulana Wahiduddin Khan
موجودہ زمانہ کے مسلم رہنماؤں نے سب سے بڑی نادانی یہ کی ہے کہ پوری قوم کو مسلم فکر کا شکار بنایا ہے۔ جو مسئلہ فکری چیلنج کا تھا اس کو کافر اقوام کی (superfluous thinking) سازش بنا کر پیش کیا۔ جو مسئلہ مقابلہ (competition) کا تھا اس کو دوسری قوموں کا تعصب قرار دیا ۔ جو مسئلہ خود مسلمانوں کی اپنی کمزوریوں اور غفلتوں کی وجہ سے پیدا ہوا تھا اس کا ذمہ دار دوسروں کو ٹھہرایا۔ ایک حدیث میں مومن کی صفات میں سے ایک صفت بصیر (اپنے زمانہ کو دیکھنے والا) کہا گیا ہے۔ اس اعتبار سے جانچا جائے تو موجودہ زمانہ کے تقریباً تمام مسلم رہنما اس صفت سے بالکل عاری نظر آتے ہیں۔ ان رہنماؤں نے اپنی بے خبری سے پوری کی پوری قوم کو بے خبر بنا دیا۔ یہی آج مسلمانوں کا مسئلہ نمبر ایک ہے۔ ۱۰ جولائی ۱۹۸۴ جب ایک شخص دلیل کی زبان میں کلام کرے، اور اس کے مخالفین اس کے برعکس عیب جوئی کی زبان بول رہے ہوں، تو یہ فرق اس بات کا کھلا ہوا ثبوت ہے کہ شخص مذکور سراسر حق پر ہے اور اس کے مخالفین سراسر ناحق پر ۔ کیوں کہ قرآن کے مطابق دلیل کی زبان پیغمبروں کی زبان ہے اور عیب جوئی کی زبان اہل کفر کی زبان ۔ جس حق کو آپ دلیل سے رد نہ کر سکیں اس کو شبہات کی بنا پر رد کرنا ایسا گناہ ہے جو اللہ کے یہاں کسی طرح قابل معافی نہیں۔ ۱۱ جولائی ۱۹۸۴ ابن خلدون (۱۳۳۲ - ۱۳۰۶ء) نے بتایا ہے کہ قوم میں جب عصبیت زائل ہو جائے تو قوم میں زوال آجاتا ہے۔ ٹائن بی (۱۹۷۵ - ۱۸۸۹ء) نے بتایا کہ اگر معاشرے میں جواب (response) پیدا ہو نا ختم ہو جائے تو اس کا زوال شروع ہو جاتا ہے۔ یہ دونوں باتیں ایک اعتبار سے درست ہیں۔ مگر میں سمجھتا ہوں کہ زیادہ صحیح الفاظ میں یہ بات یوں کہی جا سکتی ہے کہ کسی قوم کے عروج و زوال کا فیصلہ اس کے افراد کی سطح پر ہوتا ہے نہ کہ کسی

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader