ڈائری
Urdu book, p. 301
By Maulana Wahiduddin Khan
قسم کی اجتماعی حالت کی سطح پر۔ کیوں کہ اجتماعی حالت بذات خود کوئی چیز نہیں۔ اجتماعی حالت دراصل افراد ہی کی حالت کا اجتماعی ظہور ہے۔ کسی قوم کی زندگی کے لئے بنیادی چیز یہ ہے کہ اس کے افراد جاندار ہوں۔ جاندار افراد ہمیشہ فکری انقلاب کے ذریعہ پیدا ہوتے ہیں۔ تاہم فکری انقلاب کا معاملہ بھی فیض بقدر استعداد کے اصول پر قائم ہے۔ افراد کے اندر جتنی استعداد ہو گی اسی کے بقدر ان کا فکری انقلاب نتیجہ خیز ہو گا۔ حضرت عیسی کے "بارہ شاگرد" بھی فکری انقلاب سے بنے تھے۔ مگر وہ آخر میں حضرت مسیح کو چھوڑ کر بھاگ گئے۔ اور پیغمبر عربی کے صحابہ بھی فکری انقلاب سے بنے تھے۔ مگر حال یہ ہوتا کہ غزوہ حنین میں جب ہر طرف سے آپ کے اوپر تیروں کی بارش ہونے لگی تو آپ کے صحابہ نے چاروں طرف سے آپ کے گرد زندہ انسانوں کی دیوار بنا دی۔ ۱۲ جولائی ۱۹۸۴ء ایمرسن (Emerson) کا ایک قول نظر سے گزرا کہ دنیا میں سب سے زیادہ مشکل کام ہے سوچنا: What is the hardest task in the world? To think. یہ بات صد فی صد درست ہے۔ دنیا میں سب سے زیادہ کم وہ لوگ ہیں جو سوچ کر کرتے ہیں بیشتر لوگ بغیر سوچے ہوئے کام کرتے ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ سوچنا خود سب سے بڑا عمل ہے۔ سوچنا بہت بڑی قربانی مانگتا ہے۔ آدمی وہ قربانی دینے کے لئے تیار نہیں ہوتا جو سوچنے کے لئے درکار ہے۔ اس لئے وہ سوچنے کا کام بھی نہیں کرتا۔ ۱۳ جولائی ۱۹۸۴ء اعداد وشمار بتاتے ہیں کہ ہندوستان میں مسلمانوں کی شرح پیدائش ہندو صاحبان سے زیادہ ہے یہ بات صرف ہندوستان کی حد تک محدود نہیں۔ واقعہ یہ ہے کہ موجودہ زمانہ میں تقریباً ساری دنیا میں یہ صورت حال ہے کہ مسلمانوں کے یہاں شرح پیدائش دوسری قوموں سے زیادہ ہے۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader