ڈائری
Urdu book, p. 307
By Maulana Wahiduddin Khan
رفقائے جماعت کے جو حالات میرے علم میں ہیں ، ان کے مطابق میرے احساسات ان کے بارہ میں بھلا یہ ہیں کہ بحمد اللہ ان کے طرز عمل کے بعض پہلو تو اس درجہ امید افزا ہیں کہ ان کے پیش نظر ہم ہندوستان میں تحریک اسلامی کے مستقبل کے بارے میں کسی مایوسی کے بجائے بہت کچھ توقعات کو اپنے دل میں جگہ دے سکتے ہیں۔ لیکن اسی کے ساتھ مجھے یہ کہنے میں بھی کوئی تکلف مانع نہیں ہے بلکہ اس کا اظہار میں از بس ضروری سمجھتا ہوں کہ بعض دوسرے پہلوئوں سے ان کا طرز عمل انتہائی قابل توجہ اور قابل اصلاح بھی ہے۔ یہاں تک کہ مجھے اندیشہ ہے کہ اگر ان پہلوئوں کی طرف جلد توجہ نہ کی گئی تو آگے چل کر یہ تحریک کی کامیابی کے لئے سخت رکاوٹ ثابت ہوں گے اور امیدوں کے مقابلہ میں مایوسیوں کا پلڑا یقیناً بھاری ہو جائے گا۔“ (اشارات ، ماہنامہ زندگی ، دسمبر 1955ء) سادہ لوح قسم کے لوگ اس انداز کلام کو ”متوازن“ انداز سمجھتے ہیں۔ مگر یہ سراسر بے فائدہ بلکہ غیر پیغمبرانہ انداز کلام ہے۔ مذکورہ مضمون نصیحت کے مقصد سے لکھا گیا ہے ، اور نصیحت کے لئے مذکورہ بالا قسم کا دو طرفہ کلام بالکل غیر حکیمانہ ہے۔ نصیحت کے لئے ہمیشہ یک طرفہ کلام در کار ہوتا ہے تاکہ سامع کی ساری توجہ صرف قابل اصلاح پہلو پر پڑے ، اس کی توجہ دو طرف بھٹکنے نہ پائے۔ ۲۲ جولائی ۱۹۸۳ء ہر بستی اور ہر محلہ میں ایسا ہے کہ ایک مسلمان دوسرے مسلمان کو پریشان کرتا ہے۔ مگر اس طرح کے معاملات میں ہمارے لیڈر اور ر ہنما کبھی نہیں اٹھتے۔ وہ ہمیشہ ان معاملات میں اٹھتے ہیں جہاں معاملہ مسلم اور غیر مسلم کا ہو۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ انفرادی واقعات پر کبھی قومی نفسیات نہیں بھڑکتی۔ کسی قوم کی اجتماعی نفسیات صرف اجتماعی واقعات پر بھڑکتی ہے۔ ہمارے لیڈر اگر ایک شخص کے واقعہ کولے کر اٹھیں تو نہ بھیڑ جمع ہوگی اور نہ انھیں شہرت ملے گی۔ مگر جب وہ ایک اجتماعی واقعہ___ خاص طور پر غیر مسلم کا ظلم___ لے کر اٹھتے ہیں تو تمام مسلمانوں کی اجتماعی نفسیات بھڑک اٹھتی ہے۔ انھیں فوراً لیڈری کا مقام مل جاتا ہے۔ اس قسم کی تمام سرگرمیاں محض لیڈری ہیں۔ ان کا خدمتِ اسلام یا خدمتِ ملی سے کوئی تعلق نہیں۔ ایک لفظ میں سچے رہنما اور جھوٹے رہنما کی پہچان یہ ہے کہ سچا رہنما فرد کے مسئلہ کے لئے تڑپتا ہے اور جھوٹا رہنما صرف اس مسئلہ کے لئے جو قومی نوعیت اختیار کرلے۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader