ڈائری
Urdu book, p. 308
By Maulana Wahiduddin Khan
قرآن میں تخلیقی نشانی کے بارے میں یہ آیات آتی ہیں: اے انسان، تجھ کو کس چیز نے اپنے رب کریم کی طرف سے دھوکے میں ڈال رکھا ہے۔ جس نے تجھ کو پیدا کیا، پھر تیرے اعضا کو درست کیا، پھر تجھ کو متناسب بنایا۔ اس نے جس صورت میں چاہا، تم کو ترتیب دے دیا (الانفطار)۔ قرآن کی ان آیات پر غور کیجیے تو رونگٹے کھڑے ہو جاتے ہیں۔ انسان کے اعضا کی تخلیق اتنی زیادہ عجیب ہے کہ اس کو سوچ کر انسان حیرت میں پڑ جائے۔ اتنی زیادہ عجیب تخلیق گواہی دیتی ہے کہ انسان کا خالق ایک بے حد حکیم خالق ہے۔ وہ قادرِ مطلق ہے، اور جس طرح چاہے وہ انسان کو بناتا ہے۔ اتنی عجیب تخلیق بتاتی ہے کہ اس کا خالق بلا شبہ بہت زیادہ قوت والی ہستی ہے۔ انسان اگر سنجیدگی کے ساتھ اپنی تخلیق میں غور کرے تو وہ استجاب کے سمندر میں غرق ہو جائے۔ قرآن میں کہا گیا ہے: وَفِی أَنْفُسِكُمْ أَفَلَا تُبْصِرُونَ (الذاریات ۲۱)۔ انسان کی تخلیق بتاتی ہے کہ اس کا خالق بہت زیادہ قدرت والا ہے۔ انسان اگر سنجیدگی کے ساتھ غور کرے تو اعتراف کے جذبے کے ساتھ سجدے میں گر پڑے۔ ایک میڈیکل اسٹوڈنٹ کا واقعہ ہے۔ جب وہ اناٹومی کو مطالعہ کرتا تھا تو وہ بار بار تڑپ کر کہتا تھا کہ کیسے ہوسکتا ہے کہ ایسا جسم خود بخود بن جائے، اس کا کوئی بنانے والا نہ ہو۔ ایک میڈیکل اسٹوڈنٹ کا یہ احساس دراصل ایک صاحب معرفت انسان کا احساس ہے۔ ایسا انسان جب اپنے جسم کا مطالعہ کرے، اور بامعنی ترکیب پر غور کرے تو وہ تعجب میں پڑ جائے گا۔ وہ چلا اٹھے گا کہ کیسے ممکن ہے کہ اتنی عجیب تخلیق کا کوئی خالق نہ ہو۔ بلا شبہ اس کا خالق ہے، اور وہ رب العالمین ہے۔ انسان جب نماز میں سجدہ کرتا ہے تو یہ گویا بے قراری کے انداز میں اسی حقیقت کا اعتراف ہوتا ہے۔ ۲۴ جولائی ۱۹۸۴ مجھے انسانوں سے بے حد تکلیفیں پہنچیں۔ یہ ”انسان“ سب کے سب مسلمان تھے۔ اس بنا پر میں بہت غمگین رہتا تھا کہ یہ لوگ مسلمان ہو کر ایسا کیوں کر رہے ہیں۔ جب کہ یہ لوگ اصاغر ہی نہیں بلکہ اکابر بھی تھے۔ وقت کے اکشرا کا بر مجھے ستانے میں اور تکلیف دینے میں یکساں طور پر شریک رہے ہیں۔ آخر کار ایک احساس نے مجھے مطمئن کر دیا۔ میں اس رائے پر پہنچا کہ ان لوگوں کے یہاں ہر قسم کا اسلام ہے، مگر ایک چیز ایسی ہے جو ان کے یہاں سرے سے موجود ہی نہیں۔ اور وہ خدا کا خوف ہے۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader