ڈائری
Urdu book, p. 31
By Maulana Wahiduddin Khan
گر میل کے ذریعہ چپ ہونا عزت کا چپ ہوتا ہے اور طاقت کے ذریعہ چپ ہونا ذلت کا چپ ہونا۔ "کیلنڈر کہانت کی قسم تو نہیں۔" ایک صاحب نے کہا۔ "کہانت کا مطلب ہے مستقبل کی خبر دینا۔ اور کیلنڈر میں بھی مستقبل کی خبر ہوتی ہے۔ اس لئے بظاہر وہ بھی کہانت کی تعریف میں آتا ہے۔ ایسی حالت میں کیلنڈر بنانا ، چھاپنا، استعمال کرنا اور اس کی خرید و فروخت کرنا سب نا جائز ہونا چاہئے کیوں کہ کہانت اسلام میں نا جائز ہے۔ ایک صاحب نے یہ باتیں کہیں۔ اس کو سن کر میں نے کہا: کیلنڈر تو نا جائز نہیں، البتہ آپ کا یہ طرزِ فکر یقیناً نا جائز ہے۔ یہی وہ چیز ہے جس کو قرآن و حدیث میں غلو کہا گیا ہے اور غلو اسلام میں جائز نہیں۔ ۱۲ فروری ۱۹۸۳ء آخرت کے بارہ میں میری حساسیت اتنی بڑھی ہوئی ہے کہ وقت کا سائرن بجتا ہے تو اچانک مجھے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ دنیا کے خاتمہ کا اعلان کیا جا رہا ہے۔ کسی طرف سے دھماکہ کی آواز آتی ہے تو شبہہ ہونے لگتا ہے کہ یہ قیامت کا دھماکہ نہ ہو اور اب وہ وقت نہ آگیا ہو جب کہ تمام انسان اپنے رب کے سامنے حساب کتاب کے لئے پیش کر دئے جائیں گے۔ ۱۵ فروری ۱۹۸۳ء جہاں تک "کرنے" کا سوال ہے، مسلمان کرنے کے معاملہ میں کسی سے پیچھے نہیں ہیں۔ مگر ان کا، کرنا ہمیشہ ردِ عمل کے طور پر ہوتا ہے نہ کہ ایجابی طور پر۔ کسی سے ان کو زک پہنچ جائے تو وہ فوراً بھڑک اٹھتے ہیں اور "کرنے" کے لئے کھڑے ہو جاتے ہیں۔ خود اپنی طرف سے مثبت انداز میں اپنا منصوبہ بنا کر کام کرنا ان کو نہیں آتا۔ مگر کرنا حقیقتاً وہی ہے جو ایجابی نفسیات کے تحت منصوبہ بندی کے ذریعہ ہو۔ ردِ عمل کی نفسیات کے تحت کیا جانے والا کام کبھی کوئی حقیقی نتیجہ پیدا نہیں کر سکتا۔ ایسا کرنا بھی ویسا ہی ہے جیسا نہ کرنا۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader