ڈائری
Urdu book, p. 323
By Maulana Wahiduddin Khan
اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ اسلام میں احسان کی کتنی زیادہ اہمیت ہے۔ کوئی شخص یا کوئی قوم کسی کے ساتھ احسان کرے تو اس کا احسان ہر حال میں ماننا چاہئے۔ سورہ انفال (آیت ۱۱) میں ہے کہ اللہ تعالیٰ نے بدر کی لڑائی کے موقع پر آسمان سے پانی برسایا تاکہ اس کے ذریعہ سے تمہیں پاک کرے (ليطهركم به ويذهب عنكم رجز الشيطان) ایک مفسر قرآن لکھتے ہیں کہ کفار نے چونکہ پہلے وہاں پہنچ کر پانی کے چشمہ پر قبضہ کر لیا تھا اس لئے مسلمانوں کو تشویش تھی کہ وضو کیسے ہوگا، طہارت کے لئے کیا ملے گا، غسل کی ضرورت پیش آئی تو کیا صورت ہوگی۔ صحابہ نے اس موقع پر پانی کے مسئلہ پر غور کیا ہوگا تو ان کے سامنے یہ باتیں آئی ہوں گی۔ اللہ تعالیٰ نے بارش برسا کر اس مسئلہ کو حل کر دیا۔ مگر میرا خیال ہے کہ اس سے زیادہ صحیح جواب یہ ہے کہ اس غیر متوقع بارش سے اللہ تعالیٰ نے ان کے لئے از دیادِ ایمان کا سامان کیا۔ دشمنوں نے یہ ہوشیاری کی تھی کہ بدر کے مقام پر پہلے پہنچ کر وہاں کے بعض چشموں پر قبضہ کر لیا۔ پانی کی اہمیت کی بنا پر قدرتی طور پر مسلمانوں کو اس کی تشویش ہوئی ہوگی۔ اس وقت اللہ نے خصوصی تائید فرمائی۔ دشمنوں نے ان کو زمین کے پانی سے محروم کرنے کی تدبیر کی تو اللہ تعالیٰ نے ان کے لئے آسمان سے پانی بھیجنے کا انتظام کر دیا۔ اس طرح مسلمانوں کا یہ یقین مزید پختہ ہو گیا کہ اللہ ان لوگوں کا مددگار ہے جو اس کے دین کے لئے اٹھیں۔ وہ کسی حال میں ان کو بے سہارا نہیں چھوڑتا۔ ۲۳ اگست ۱۹۸۳ بدر کی جنگ میں قریش کے جو لوگ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے لڑنے کے لئے نکلے تھے ان میں سے ایک تعداد وہ تھی جو رسول اللہ سے لڑنے کے لئے پر جوش تھی۔ یہ لوگ ابو جہل کی غیرت دلانے والی باتوں کے زیر اثر شکل پڑے تھے۔ مگر ان کا ضمیر اندر سے انہیں ملامت کر رہا تھا۔ وہ چاہتے تھے کہ کسی طرح درمیان راہ سے واپسی ہو جائے اور جنگ کی نوبت نہ آئے۔ انھی میں سے ایک عتبہ بن ربیعہ تھا۔ وہ کبیر السن تھا اور قریش کے مدیرین میں سے تھا۔ عقبہ

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader