Urdu book · ڈائری

ڈائری

Urdu book, p. 324

By Maulana Wahiduddin Khan

کی رائے جنگ کی موافقت میں نہ تھی۔ عتبہ نے اپنی رائے کا اظہار حکیم بن حزام سے کیا۔ حکیم بن حزام وہ ہیں جو بعد کو اسلام لائے۔ حکیم بن حزام ابو جہل کے پاس آئے اور کہا کہ عتبہ نے مجھے تمہارے پاس بھیجا ہے۔ اور عقبہ کی پوری گفتگو ابو جہل کے سامنے نقل کرتے ہوئے کہا کہ بہتر یہ ہے کہ ہم لوگ جنگ سے باز آ جائیں۔ یہ جنگ ہمارے لئے مفید نہ ہوگی۔ ابو جہل نے سختی سے انکار کر دیا اور کہا کہ ایسا کبھی نہ ہوگا۔ ہم ضرور محمد سے لڑنے کے لئے جائیں گے۔ پھر ابو جہل نے کہا کہ عتبہ تو ڈرپوک ہے۔ وہ بزدلی کی وجہ سے ایسی باتیں کر رہا ہے۔ ابو جہل نے کہا کہ محمد کے ساتھیوں میں عتبہ کا بیٹا ( ابو حذیفہ بن عتبہ بن ربیعہ) بھی ہے۔ وہ نہیں چاہتا کہ اس کا بیٹا قتل ہو، اس لئے وہ تم کو ڈرا رہا ہے: وفیہم ابنہ فقد تخوفكم عليه۔ ابن ہشام ، دوم ، ۲۶۳ ابو جہل نے دلیل کا جواب الزام سے دیا۔ اس طرح ایک صحیح بات کو قبول نہ کرنا اور نیت پر حملہ کرتے ہوئے اسے رد کر دینا ابو جہل کی سنت ہے، جو لوگ ایسا کریں وہ اپنے آپ کو ابو جہل کا ساتھی بنا رہے ہیں۔ ۲۴ اگست ۱۹۸۲ ایک صاحب نے ایک وعدہ کیا اور پھر انھوں نے اس کو پورا نہیں کیا۔ بعد کو ملاقات ہوئی تو وہ عذر بیان کرنے لگے۔ میں نے کہا کہ جس چیز کو آپ عذر بنا رہے ہیں اس کو عذر نہ بنائیے۔ حقیقت یہ ہے کہ عذر کو عذر نہ بنانے ہی کا نام زندگی ہے۔ اس دنیا میں کبھی ایسا ممکن نہیں کہ آدمی کے پاس عذرات نہ ہوں۔ یہاں جو شخص عذر کو عذر بنائے وہ کبھی کوئی بڑا کام نہیں کر سکتا۔ اسی حقیقت کو حدیث میں ان الفاظ میں بیان کیا گیا ہے: الرجل مغبون باثنين الصحة والفراغ. آدمی ہمیشہ دو چیزوں سے دھوکے میں رہتا ہے: صحت اور فرصت۔ اس دنیا میں کامل صحت اور کامل فرصت ممکن نہیں۔ اس لئے کامل صحت اور فرصت کا انتظار کرنے والا کبھی کوئی کام بھی نہیں کر سکتا۔ زندگی کا سب سے بڑا راز یہ ہے کہ اگر آپ کے پاس ایک بہترین عذر ہو تب بھی اس کو استعمال نہ کیجئے : If you have a good excuse don't use it.

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page