Urdu book · ڈائری

ڈائری

Urdu book, p. 335

By Maulana Wahiduddin Khan

مثلاً الرسالہ کے مشن کو لیجئے۔ الرسالہ کی مخالفت کی ایک صورت یہ ہے کہ کوئی شخص قرآن وسنت کی بنیاد پر اس کی تردید کرے۔ ایسا کرنے کے لئے دلائل و حقائق پیش کرنے کی ضرورت ہوگی۔ ہمارے مخالفین چاہتے ہیں کہ اس میدان میں وہ الرسالہ کو رد کرنے کی طاقت نہیں رکھتے۔ وہ خوب جانتے ہیں کہ الرسالہ کے فکر کو دلائل سے رد کرنا ان کے بس سے باہر ہے۔ چنانچہ وہ دوسرا طریقہ اختیار کرتے ہیں۔ یعنی لوگوں کے اندر تعصب اور بدظنی کے جذبات ابھار کر انھیں الرسالہ کا مخالف بنا دینا ــــــــ الرسالہ بزرگوں پر تنقید کرتا ہے۔ الرسالہ اسلام دشمنوں کا ایجنٹ ہے۔ الرسالہ (slow-poisoning) کر رہا ہے۔ الرسالہ جہاد کی اسپرٹ کو مسلمانوں سے ختم کر رہا ہے۔ وغیرہ۔ سب اسی قسم کی باتیں ہیں۔ یہ گویا لوگوں کی وہ تدبیر ہے جس کے ذریعہ وہ چاہتے ہیں کہ دلائل وحقائق پیش کئے بغیر لوگوں کو الرسالہ کا مخالف بنادیں۔ مگر خدا کا فیصلہ ہے کہ اس قسم کی جھوٹی تدبیریں صرف وقتی طور پر کامیاب ہوں۔ وہ ابدی طور پر کبھی کامیاب نہ ہوسکیں۔ ۱۵ستمبر ۱۹۸۴ جاڑے کا موسم ہے۔ ٹھنڈی ہوا چل رہی ہے۔ ایسی حالت میں دو آدمی باہر ٹہلنے کے لئے نکلتے ہیں۔ دونوں واپس لوٹتے ہیں تو ان میں سے ایک شخص زکام لے کر واپس آتا ہے۔ اس کو ٹمپریچر ہو جاتا ہے، وہ بیمار ہو کر بستر پر پڑ جاتا ہے۔ دوسرا آدمی بھی اسی کے ساتھ ٹھنڈے موسم میں چل کر آتا ہے۔ مگر اس پر موسم کا کچھ اثر نہیں ہوتا۔ وہ نشاط سے بھرا ہوا واپس آتا ہے۔ باہر نکلنا اس کے لئے مزید صحت بخش ثابت ہوتا ہے۔ پہلا آدمی اگر کھو کر لوٹتا تھا، تو دوسرا آدمی پا کر لوٹتا ہے۔ ہم ایسا نہیں کرتے کہ جو شخص بیمار ہو گیا ہے اس کی بیماری کی ذمہ داری موسم پر ڈال دیں بلکہ ہم یقین کرتے ہیں کہ اس کا سبب خود آدمی کے اپنے اندر ہے۔ ایک شخص کے اندر داخلی قوت تھی، اس لئے وہ موسم سے متاثر نہیں ہوا ، بلکہ موسم کو اپنی غذا بنالیا۔ دوسرا شخص داخلی طور پر کمزور تھا، اس لئے وہ موسم کی شدت سے متاثر ہوا۔ موسم نے اس کو اپنا شکار بنا لیا۔ یہی تشخیص ہے جس کی بناپر

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page