ڈائری
Urdu book, p. 374
By Maulana Wahiduddin Khan
جان لاک (۱۶۳۲- ۱۷۰۴) نے کہا ہے کہ چیزیں صرف خوشی یا غم کی نسبت سے اچھی یا بری ہوتی ہیں : Things are good or evil only in relation to pleasure or pain. اس سلسلہ میں مولانا ابوالکلام آزاد اور مولا عبد الماجد دریا بادی میں بحث ہوئی کہ پین (pain) اور پلیژر (Pleasure) کا صحیح اردو ترجمہ کیا ہے۔ جب دونوں میں اتفاق رائے نہ ہو سکا تو مولانا دریا بادی نے بگڑ کر کہا : آپ کس مشرقی یا مغربی درس گاہ کے تعلیم یافتہ ہیں۔ مولانا آزاد نے سنجیدگی کے ساتھ جواب دیا : میں رب المشرقین والمغربین کی درس گاہ کا تعلیم یافتہ ہوں۔ سر سید احمد خاں نے اپنے بارہ میں کہا تھا : من شاگرد مکتب قرآن (میں قرآن کے درس کا طالب علم ہوں)۔ اسی طرح مختلف لوگوں نے اپنے علم اور اپنی تعلیم کے بارہ میں مختلف حوالے دئے ہیں۔ مگر میرے نزدیک یہ تمام جوابات ناکافی ہیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ کچھ علوم وہ ہیں جو درد کی درس گاہ میں پڑھائے جاتے ہیں۔ اور جب تک آدمی درد کی درس گاہ کا تعلیم یافتہ نہ ہو، بقیہ علوم بھی اس کے لئے زیادہ مفید نہیں بن سکتے۔ ۲۰ نومبر ۱۹۸۳ فرانس بیکین (Francis Bacon) کا قول ہے _ حسد کبھی تعطیل کا دن نہیں مناتی : Envy never makes holiday. مطلب یہ ہے کہ حسد ایک ایسی چیز ہے کہ جو شخص اس میں گرفتارہو جائے وہ برا بر اسی میں پڑا رہتا ہے۔ وہ ہر وقت حسد کی آگ میں جلتا رہتا ہے۔ کسی لمحہ اس کو قرار نہیں آتا۔ کتنی بری چیز ہے حسد، مگر کتنے زیادہ لوگ اس میں مبتلا رہتے ہیں۔ شاید دنیا میں سب سے زیادہ جو بیماری پائی جاتی ہے وہ حسد ہی ہے۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader