ڈائری
Urdu book, p. 375
By Maulana Wahiduddin Khan
حضرت عثمان بن عفان اسلام کے تیسرے خلیفہ ہیں۔ جب وہ خلیفہ ہوئے تو مدینہ کی مسجد میں لوگوں کے سامنے تقریر کرنے کے لئے کھڑے ہوئے۔ مگر غالب اُنھیں تقریر و خطابت کی زیادہ مشق نہ تھی یا کسی اور وجہ سے وہ چند ابتدائی کلمات بولنے کے بعد لمبی تقریر نہ کر سکے۔ چنانچہ انھوں نے حسب ذیل کلمات کہہ کر اور بیٹھ گئے : تم کو بولنے والے خلیفہ سے زیادہ کرنے والے خلیفہ کی ضرورت ہے یہی بات عام انسان کے لئے بھی صحیح ہے۔ ہر انسان، خواہ وہ حکمران ہو یا غیر حکمران، اس کی قیمت عمل کے اعتبار سے متعین ہوتی ہے نہ کہ قول کے اعتبار سے۔ آدمی کو چاہئے کہ وہ کوئی حقیقی کام کرے۔ الفاظ تو بے داغ ریکارڈ بھی دہرا سکتے ہیں۔ ۲۲ نومبر ۱۹۸۳ء استنبول (ترکی) کا قدیم نام قسطنطنیہ (Constantinople) ہے۔ اس کا یہ نام قدیم رومی حکمران قسطنطین کے نام پر تھا۔ مسلمانوں نے اپنے دور میں اس کا نام بدل کر استنبول رکھ دیا۔ استنبول میں ۲۵۰ مسجدیں ہیں۔ ان میں سے ایک مسجد ایاصوفیا (Hagia Sofia) ہے۔ ایاصوفیا کے معنی ہیں حکمتِ خداوندی۔ یہ عظیم عمارت ۶۳۶ میں عیسائیوں نے چرچ کے طور پر بنائی تھی۔ سلطان محمد فاتح نے ۱۴۵۳ء میں استنبول کو فتح کیا تو سلطان نے اس کے اندر جمعہ کی نماز پڑھی اور حکم دیا کہ اس کو بدل کر مسجد کی صورت دے دی جائے ۔ اس وقت سے یہ عمارت مسجد کے طور پر استعمال ہونے لگی۔ اس کے بعد ترکی میں مصطفی کمال اتاترک کی حکومت آئی۔ وہ سیکولر آدمی تھے۔ چنانچہ انھوں نے ۱۹۳۲ء میں ایک نیا حکم نافذ کیا۔ اس کے تحت ایاصوفیا کو دوبارہ میوزیم قرار دے دیا گیا۔ فروری ۱۹۳۵ میں میوزیم کے طور پر اس کے دروازے کھولے گئے۔ انسائیکو پیڈیا برٹانیکا کے بیان کے مطابق استنبول میں ۲۵ قدیم گرجے ہیں جو مسجد میں تبدیل کر دئے گئے ہیں۔ ایاصوفیا کی عمارت چونکہ بہت بڑی اور تاریخی تھی، اس لئے اس کی زیادہ شہرت ہوئی۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader