ڈائری
Urdu book, p. 378
By Maulana Wahiduddin Khan
ایک صاحب نے الرسالہ کے انداز پر سخت ردعمل کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ الرسالہ میں ہمیشہ مسلمانوں ہی کو مطعون کیا جاتا ہے ۔ ہندوستان کے فرقہ وارانہ فسادات میں آپ کے نزدیک ہمیشہ مسلمان ہی قصور وار ٹھہرتے ہیں۔ وغیرہ۔ میں نے کہا کہ گائے کی خوراک گھاس ہے اور شیر کی خوراک گوشت۔ آپ شیر کو گھاس نہیں کھلا سکتے۔ اور اگر آپ گائے کے منہ میں گوشت ڈالیں تو وہ اگل دے گی۔ یہی معاملہ انسانوں کا ہے۔ انسانوں میں بھی مختلف قسم کے لوگ ہیں اور الرسالہ بہر حال ہر ایک کی غذا نہیں بن سکتا۔ وہ لوگ جو ذاتی فخر میں جیتے ہوں، جن کی روح کو اس سے تسکین ملتی ہو کہ وہ ہمیشہ دوسروں کو ملزم ٹھہراتے رہیں، جو اپنی غلطی کی قیمت دوسروں سے وصول کرنا چاہتے ہوں، جو خیالی الفاظ میں جیتے ہوں اور جن کو حقائق سے کوئی دلچسپی نہ ہو، ایسے لوگ الرسالہ کی باتوں میں اپنی غذا نہیں پاسکتے۔ الرسالہ صرف سنجیدہ اور حقیقت پسند لوگوں کی غذا ہے۔ اور ہمیں اس پر کوئی شرمندگی نہیں اگر غیر سنجیدہ اور غیر حقیقت پسند لوگ الرسالہ میں اپنی غذا نہ پائیں۔ ۲۷ نومبر ۱۹۸۳ ٹامس فلر (Thomas Fuller) کا قول ہے : Courage should have eyes as well as arms. ہمت کے لئے ضروری ہے کہ اس کے پاس آنکھیں ہوں اور اسی کے ساتھ بازو بھی۔ ہمت یہ نہیں ہے کہ آدمی پرجوش طور پر خطرات میں کود پڑے اور خواہ مخواه اپنے آپ کو ہلاک کرلے ۔ اس قسم کی ہمت اور حوصلہ نادانی کے سوا اور کچھ نہیں۔ ہمت اور حوصلہ کے ساتھ آدمی کے اندر بصیرت کا ہونا بھی ضروری ہے۔ وہ حالات کو گہرائی کے ساتھ دیکھے ۔ وہ آغاز و انجام کا پوری طرح جائزہ لے ، اس کے بعد منصوبہ بند طور پر اقدام کرے۔ حوصلہ مندانہ عمل با ہوش عمل کا نام ہے نہ کہ بے ہوشی کے ساتھ اپنے آپ کو خندق میں گرالینے کا۔ سوچے بغیر اقدام کرنا ایسا ہی ہے جیسے دیکھے بغیر چلنا۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader