Urdu book · ڈائری

ڈائری

Urdu book, p. 379

By Maulana Wahiduddin Khan

مسلم حکمران سے لڑنا اسلام میں سراسر ممنوع ہے ۔ اسلام کی پوری تاریخ میں خوارج کے سوا کسی اور نے یہ فیصلہ نہیں کیا۔ علماء امت کا اس پر کامل اتفاق ہے۔ حتیٰ کہ اس واقعہ کو وہ لوگ بھی تسلیم کرنے پر مجبور ہوئے ہیں جنھوں نے موجودہ زمانہ میں خوارج کے طریقہ پر عمل کیا۔ سید ابو الاعلیٰ مودودی اپنی تفسیر میں لکھتے ہیں : ”جمهور فقهاء اور اہل الحدیث کی رائے یہ ہے کہ جس امیر کی امارت ایک دفعہ قائم ہو چکی ہو اور مملکت کا امن و امان اور نظم و نسق اس کے انتظام میں چل رہا ہو۔ وہ خواہ عادل ہو یا ظالم، اور اس کی امارت خواہ کسی طور پر قائم ہوئی ہو، اس کے خلاف خروج کرنا حرام ہے۔ الا یہ کہ وہ کفر صریح کا ارتکاب کرے۔ امام سرخسی لکھتے ہیں کہ جب مسلمان ایک فرمان روا پر مجتمع ہوں اور اس کی بدولت ان کو امن حاصل ہو اور راستے محفوظ ہوں ، ایسی حالت میں اگر مسلمانوں کا کوئی گروہ اس کے خلاف خروج کرے تو جو شخص بھی جنگ کی طاقت رکھتا ہو اس پر واجب ہے کہ مسلمانوں کے اس فرمان روا کے ساتھ مل کر خروج کرنے والوں کے خلاف جنگ کرے۔ ( المبسوط ، باب الخوارج) امام نووی شرح مسلم میں لکھتے ہیں کہ ائمہ، یعنی مسلمان فرماں رواؤں کے خلاف خروج اور قتال حرام ہے، خواہ وہ فاسق اور ظالم ہی کیوں نہ ہو۔ اس پر امام نووی اجماع کا دعویٰ کرتے ہیں۔“ تفہیم القرآن ، حصہ پنجم ، صفحہ ۸۰ - ۷۹ ۔ الحجرات ، تحت آیت ۹ سید ابو الاعلیٰ مودودی نے اس واضح اعتراف کے بعد کچھ غیرید متعلق بحثیں چھیڑ کر غلط طور پر یہ ثابت کرنا چاہا ہے کہ مسلم حکمران کے خلاف بغاوتی جائز ہے۔ مگر اس کا خلاصہ صرف یہ ہے کہ اپنے آپ کو دین کے مطابق ڈھالنے کے بجائے خود دین کو اپنے مطابق ڈھالا جائے۔ سید ابو الاعلیٰ مودودی پاکستان منتقل ہونے کے بعد اسی غیر اسلامی فعل میں مشغول تھے۔ وہ لیاقت علی، ایوب خاں، بھٹو، کی قائم شدہ حکومتوں کو اکھاڑنے میں لگے رہے ۔ اپنی اس غیر اسلامی روش کو جائز ثابت کرنے کے لئے انھوں نے دین میں وہ چیز ثابت کرنے کی کوشش کی جو حقیقتاً دین میں موجود نہ تھی۔ مذکورہ عبارت میں یہ بات بہت عجیب کہ جمہور کے اتفاق رائے کو تسلیم کرنے کے باوجود کہا گیا ہے کہ اس معاملہ میں علماء کے درمیان سخت اختلاف رائے ہے۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page