ڈائری
Urdu book, p. 393
By Maulana Wahiduddin Khan
سورج کی آنچ میں بھون کر کھا لینا۔ اس قسم کے بے شمار قصے جو محض گپ بازی کے نتیجہ میں پیدا ہوئے۔ وہ کتابوں میں درج ہو گئے۔ واعظین ان کو سنانے لگے۔ یہاں تک کہ وہ اس طرح عوام میں پھیل گئے کہ ان کو اسلام کی تاریخ سے الگ کرنا ممکن نہ رہا۔ ۲۳ دسمبر ۱۹۸۳ء ندوہ (لکھنؤ) کے ایک استاد ملاقات کے لئے تشریف لائے۔ دوران گفت گو انھوں نے بتایا کہ ڈاکٹر عبد العلیم عویس (جامعۃ الامام، ریاض) نے ان سے میری کتاب "پیمبر انقلاب" کا عربی ترجمہ کرنے کے لئے کہا تھا، مگر میں نے معذرت کر دی۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس وقت میں ندوہ میں ابھی نیا نیا آیا تھا، میرے سامنے سب سے پہلا مسئلہ یہ تھا کہ میں وہاں کے ماحول میں اپنے کو جماؤں۔ اس لئے میں نے پیمبر انقلاب کے ترجمہ کا کام نہیں کیا۔ چوں کہ میں نے مولانا علی میاں پر تنقید کی ہے اس لئے ندوہ کا ماحول میرے سخت خلاف ہے۔ کوئی شخص جو میری حمایت کرے یا میرے ساتھ کسی نوعیت کا تعاون کرے اس کے لئے ندوہ میں رہنا سنت شکل ہے۔ "پیمبر انقلاب" کا عربی ترجمہ جامعۃ الامام ریاض کی طرف سے کرایا جا رہا تھا وہ لوگ بہت زیادہ معاوضہ دیتے ہیں۔ عام حالات میں ناممکن ہے کہ کسی ندوی کو جامعۃ الامام کا ایک کام ملے اور وہ اس کو چھوڑ دے۔ مگر مذکورہ استاد کا مسئلہ یہ تھا کہ وہ پیمبر انقلاب کا ترجمہ کرتے تو ندوہ کے ماحول میں غیر مطلوب شخصیت بن جاتے۔ اس مصلحت کی بنا پر انھوں نے اس سے احتراز کیا۔ موجودہ زمانہ میں سب سے بڑا دین مصلحت ہے۔ ہر آدمی اپنی مصلحتوں پر چلتا ہے۔ مالیاتی مصلحت، قیادت کی مصلحت، ملازمت کی مصلحت، پوزیشن کی مصلحت، غرض ہر ایک کا دین مصلحت ہے اور وہ اسی کو سب سے زیادہ اہمیت دئے ہوئے ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ آج لوگوں کا حال یہ ہے کہ جس بلند مقام پر خدا کو بٹھانا چاہئے وہاں انھوں نے مصلحت کو بٹھا رکھا ہے۔ خواہ وہ زبان سے خدا کا اقرار کرتے ہوں یا اس کا انکار۔ یہ بھی غیر اللہ کی پرستش کی ایک قسم ہے۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader