Urdu book · ڈائری

ڈائری

Urdu book, p. 394

By Maulana Wahiduddin Khan

کافی پیسہ دیا ہے۔ دوسرے صاحب نے فرمایا : ہم نے سنا ہے کہ آپ کو سی آئی اے سے پیسہ ملتا ہے۔ میں نے کہا کہ بندہ اور اندھے اور بہرے ہیں جو اس قسم کی باتیں کرتے ہیں۔ الرسلہ میں جو مضامین چھپتے ہیں وہ خود اس قسم کی تمام باتوں کی تردید ہیں۔ میں نے کہا کہ کیسے عجیب ہیں وہ لوگ جن کو الرسلہ کے مضامین میں قذافی اور سی آئی اے کا پیسہ نظر آتا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ قذافی کی تمام دولت اور سی آئی اے کے تمام ڈالر مل کر بھی وہ مضامین نہیں لکھوا سکتے جو الرسلہ میں چھپتے ہیں۔ یہ مضامین غم ناک دل سے ابلتے ہیں اور درد مند قلم سے لکھے جاتے ہیں۔ قذافی اور سی آئی اے کا پیسہ پہلا کام ہی کرتا ہے کہ وہ آدمی سے غم ناک دل اور درد مند قلم چھین لیتا ہے، پھر ایسا شخص ایسے مضامین کہاں سے لکھے گا۔ کاش لوگوں کے پاس آنکھ ہوتی کہ وہ دیکھتے۔ اور لوگوں کے پاس عقل، ہوتی کہ وہ سمجھتے۔ مگر مجھے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ لوگوں سے دیکھنے والی آنکھ بھی چھن گئی ہے اور سمجھنے والی عقل بھی۔ پھر کیسے ممکن ہے کہ وہ چیزوں کو دیکھیں، کیسے ممکن ہے کہ وہ حقیقتوں کو سمجھیں۔ ۲۵ دسمبر ۱۹۸۴ء مسلم نوجوانوں اور طالب علموں کی ایک مشہور جماعت ہے۔ اس کے کچھ ارکان سے ملاقات ہوئی۔ گفتگو کے دوران انھوں نے بتایا کہ ہم اپنے نصب العین کو اس طرح بیان کرتے ہیں : قرآن ہمارا دستور رسول ہمارا رہنما شہادت ہماری تمنا میں نے کہا کہ جب آپ کو شہادت کا شوق ہے تو اس کی "تمنا" کرنے کی کیا ضرورت ہے۔ اس وقت مختلف ملکوں میں مسلمانوں کی دوسروں سے جو لڑائیاں ہو رہی ہیں ان کو آپ لوگ جہاد کہتے ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ جہاد کا میدان آپ کے لئے ہر طرف کھلا ہوا ہے۔ ہندوستان میں ہندوؤں کے مقابلہ میں، افغانستان میں روس کے مقابلہ میں، فلسطین میں یہود کے مقابلہ میں۔ اسی طرح

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page