Urdu book · ڈائری

آغازِ کلام

Urdu book, p. 417

By Maulana Wahiduddin Khan

کہا کہ اسلام میں " خطبہ " تو ہے مگر " سرینی " اسلام میں نہیں۔ خطبہ کا مطلب صرف انفرادی طور پر نکاح کا پیغام دینا ہے نہ کہ اس قسم کی عمومی تقریب منعقد کرنا۔ تاہم اس تقریب کو دیکھ کر ایک نئی بات ذہن میں آئی۔ اسلام میں سینکڑوں سال سے اس قسم کی بدعات کی جاری ہیں، اس کے باوجود وہ اسلام کا جز نہ بن سکیں جیسا کہ دوسرے مذہبوں میں پیش آیا۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اسلام ایک محفوظ مذہب ہے۔ اسلام میں ایک واضح معیار اور ایک واضح نمونہ موجود ہے جس پر کسی بھی عمل کو جانچا جا سکے اور اس کے اسلامی یا غیر اسلامی ہونے کا فیصلہ کیا جاسکے۔ دوسرے مذاہب میں غیر محفوظ ہونے کی وجہ سے یہ کسوٹی موجود نہیں۔ اس لئے دوسرے مذاہب میں ہر بدعت اس کا جز بن جاتی ہے۔ مگر اسلام میں وہ اصل مذہب کا جز نہیں بن سکتی۔ ۲۶ نومبر ۱۹۹۰ امریکہ کے زمانہ قیام میں میری ملاقات ایک عرب شیخ سے ہوئی۔ انھوں نے کویت پر عراق کے حملہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عراقی ہمیشہ سے مفسد رہے ہیں۔ حجاج بن یوسف (وفات ۴۹ ھ) نے عراقیوں کو خطاب کرتے ہوئے کہا تھا : یا اهل العراق ، اهل الشقاق والنفاق (اے اہل عراق، جھگڑے اور منافقت والے) میں نے کہا کہ کویت پر عراق کے حملہ کو میں بھی اتنا ہی غلط سمجھتا ہوں جتنا آپ لوگ اسے غلط سمجھتے ہیں۔ مگر اس کے باوجود مجھے آپ لوگوں کے طریقہ سے اتفاق نہیں۔ عراق کے اسی صدام حسین نے جب ایران پر حملہ کیا اور آٹھ سال تک ان سے جنگ لڑتا رہا تو آپ لوگوں کے درمیان وہ ہیرو بن گیا۔ آپ لوگوں نے بلینوں ڈالر سے اس کی مدد کی۔ اس زمانہ میں عرب اخبارات یکطرفہ طور پر صرف ایران کی مذمت سے بھرے ہوتے تھے۔ اب اسی صدام حسین نے کویت پر حملہ کیا تو آپ لوگ اس کو دنیا کا سب سے برا انسان بتا رہے ہیں۔ میں نے خدا کے فضل سے اس وقت بھی صدام حسین کو غلط سمجھتا تھا اور آج بھی اس کو غلط سمجھتا ہوں۔ مگر آپ لوگوں کا حال یہ ہے کہ صدام حسین کی بندوق آپ کے مفروضہ دشمن کے خلاف ہو تو وہ جہاد ہے اور آپ کے اپنے خلاف ہو تو فساد۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page